پلوامہ سال 26-2025 کی کھیل مقابلوں کی تیاریاں 0

پلوامہ سال 26-2025 کی کھیل مقابلوں کی تیاریاں

ضلع سپورٹس افسر پلوامہ نے پانپورہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔

پلوامہ/ تنہا ایاز/ضلع پلوامہ میں سال 26-2025 کے دوران منعقد ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیوں کے ہموار انعقاد کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پلوامہ کی جانب سے سبھی بلاکوں میں میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی کہ کھیلوں کے ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات موجود رہیں، بشمول بنیادی ڈھانچہ ، نقل وحمل، عملہ، حفاظتی اقدامات اور کھلاڑیوں کا مناسب انتخاب۔افسران کی ٹیم نے آئندہ کھیلوں کے مقابلوں کی کامیابی کو یقینی بنانے اور ضلع میں کھیلوں کی عمدہ ثقافت کو فروغ دینے کے لیے محتاط منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں ضلع سپورٹس افسر پلوامہ نے محکمے کے دیگر افسران کے ہمراہ زون پانپور کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق زونل فزیکل ایجوکیشن آفس پانپور کی جانب سے گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول پانپور میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت ضلع سپورٹس افسر پلوامہ چوہدری محمد قاسم نے کی۔میٹنگ میں زونل فزیکل ایجوکیشن آفس پانپور کے سبھی ملازمین نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ کی جانب سے سالانہ کھیلوں کے کیلنڈر کے تحت منعقد ہونے والی کھیل مقابلوں کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی. ضلع سپورٹس افسر محمد قاسم نے زون کے سپورٹس ملازمین پر زور دیا کہ وہ انٹر سکول کھیل مقابلوں میں زون کے سبھی سکولوں کے بچوں کو ان کھیلوں میں شمولیت کو یقینی بنائیں۔مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے بچوں کی پورٹل پر بروقت رجسٹریشن کرنے کے حوالے سے بھی ملازمین کو ہدایت دی گئی۔ ضلع سپورٹس افسر نے سبھی بلاکوں میں دورہ کرکے وہاں زونل فزیکل افسران کے کے ساتھ میٹنگ طلب کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔۔ ضلع سپورٹس افسر نے اس بات کا اظہار کیا کہ اس سال بھی سالانہ کھیل مقابلوں میں بڑی تعداد میں کھلاڑی حصہ لیں گے۔زونل فزیکل ایجوکیشن افیسر پانپور منظور احمد نے کھیلوں کی اہمیت پر کھل کر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کھیلوں سے ہی نوجوانوں کو منشیات کی وبا سے دور رکھا جا سکتا ہے انہوں نے نوجوانوں کیلئے ایک مثبت اور پرجوش متبادل کے طور پر کھیلوں کے کلچر کو مضبوط اور فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔تقریب کے اخر پر محمد اشرف نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں