مختلف ادبی تنظیموں کی جانب سے کئی مقامات پر تقریبات کا اہتمام ہوگا
پلوامہ/ تنہا ایاز/ شاعر کشمیر مہجور کی برسی 9 اپریل کو منائی جارہی ہے مختلف ادبی تنظیموں کی جانب سے اس دن کئی اضلاع میں تقریبات کا اہتمام ہورہا ہے کلچرل اکاڈمی آف آرٹ اینڈ لینگویجز کی جانب سے سب سے بڑی تقریب ٹیگور ہال سرینگر میں منعقد ہوگی جس میں کئی نامور شعراء ادیب اور قلمکار اور شرکت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق شخصی راج کے خلاف عوام کو بیدار کرنے ولولہ انگیز اور انقلابی شاعر مہجور کی برسی 9 اپریل کو منائی جارہی ہے۔ یوم مہجور کے حوالے سے وادی کے اطراف و اکناف میں ادبی تنظیموں کی جانب سے مشاعروں اور ادبی کانفرنسوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے ٹیگور ہال سرینگر میں بڑی تقریب کلچرل اکاڈمی آف آرٹ اینڈ لینگویجز،ساہتیہ اکادمی اور مہجور فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوگی جس میں وادی کے سرکردہ شاعروں اور ادیبوں کی آمد متوقع ہے۔ادھر مہجور کے آبائی ضلع پلوامہ میں ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی اور مہجور فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے ایک تقریب منعقد ہوگی جس میں ضلع بھر کے شعراء شرکت کریں گے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے جنرل سیکرٹری غلام محمد دلشاد نے ٹیلی گفتگو میں کہا کہ شاعر کشمیر مہجور کی برسی پر ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی اور مہجور فاؤنڈیشن کی طرف سے ضلع پلوامہ میں بڑی تقریب نیو ناز ہوٹل پلوامہ میں منعقد ہوگی اور اس موقع پر ایک شاندار محفل مشاعرے کا بھی انعقاد ہوگا۔نمائندے تنہا ایاز کے مطابق شاعر کشمیر مہجور کے برسی کے حوالے سے وادی بھر میں ادبی و ثقافتی تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس دوران شعراء اور ادیب شاعر کشمیر مہجور کی حالات زندگی اور انکی شاعری پر روشنی ڈالیں گے اور مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کریں گے۔

