شیراز جیلانی
پونچھ، 29 جنوری: ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے چاپڑیاں جنگل میں آج دوپہر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے قیمتی درختوں اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ جنگلات اور مقامی رضاکار آگ بجھانے میں مصروف ہیں، لیکن دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا، تاہم ممکنہ طور پر خشک موسم اور انسانی لاپرواہی اس کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
مقامی لوگوں نے حکومت سے فوری مدد کی اپیل کی ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو یہ آگ قریبی آبادی تک بھی پہنچ سکتی ہے، جس سے بڑا جانی و مالی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں کو محتاط رہنے اور جنگلات میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
