مشتاق علی احمد خان ریاستی ایوارڈ 2025 کے لئے منتخب
سرینگر/27 جنوری/ شافیہ گلفام
76 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی کئی ممتاز شخصیات کو مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے ریاستی اعزازات کے لئے منتخب کیا اور ان اعزازات سے ان شخصیات کو عنقریب ایک پر وقار تقریب میں نوازا جائے گا۔مقامی فلم ساز ماہر تھیٹر اور ورسٹائل اداکار مشتاق علی احمد خان کو بھی جموں و کشمیر سرکار نے ریاستی ایوارڈ کے لئے منتخب کیا ہے یہ ایوارڈ انہیں فن، ثقافت، فلم اور ادبی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عوض دیا جائے گا۔ سال 1974 میں مشتاق علی احمد خان نے ٹیلی ویژن سے اپنی اداکاری کا آغاز کیا اور اپنی محبت اور لگن سے تب سے لیکر آج تک انہوں نے تھیٹر اور فلم سازی میں ایک اعلیٰ مقام حاصل کیا۔خان نے 20 سے ذیادہ نمایاں ایوارڈ اور فیلیسیشن حاصل کئے جبکہ انہیں سال 2022 میں جے اینڈ کے کےلیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا نے سرینگر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوزا۔یہ بات قابل ذکر ہےکہ مشتاق علی احمد خان نے آج تک 40 سے زائد ٹی وی سیریلز،10 سے زائد ٹیلی فلمیں، 50 سے زائد دستاویزی فلمیں اور چند مختصر فلموں کے علاو 400 سے زائد قسطوں پر مشتمل میوزک البم ڈی ڈی اردو اور ڈی ڈی کئشیر کے لئے تیار کئے۔یہ بھی بتا دیں کہ خان کو کشمیر ورلڈ فلم فیسٹیول کا بانی اور ہدایت کار ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے اور انہوں نے آج تک کشمیر ورلڈ فلم فیسٹیول کے 4 ایڈیشن کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچائے۔اضح رہے کہ مشتاق علی احمد خان قریباً گزشتہ پچاس سالوں سے فن، ثقافت، فلم اور ادبی میدان میں سرگرم عمل ہے۔