آرٹسٹ ایسوسی ایشن کا پریس کانفرنس میں مطالبہ
سرینگر/25 دسمبر
جے اینڈ کے ریڈیو ٹیلی ویژن، فری لانس پروڈیوسرز اینڈ ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایسوسی ایشن کے صدر شیخ طارق جاوید کی صدارت میں سرینگر کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں ایسوسی ایشن نے آرٹسٹ برادری کو لیکر کئی خدشات ظاہر کئے۔ پریس کانفرنس میں ایسوسی ایشن نے ڈی ڈی کأشر کا ڈرامہ سیکشن بحال کرنے کی اپنی مانگ کو دہراتے ہوئے کہا کہ تقریباً گزشتہ پندرہ سالوں سے ڈی ڈی کأشر سرینگر کا ڈرامہ سیکشن آرٹسٹوں کے لئے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے جموں و کشمیر کی آرٹسٹ برادری کو جان بوجھ کر روزگار سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ مزکورہ چینل سے دیگر پروگرام باضابطہ طور ٹیلی کاسٹ ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں اس بات کو بھی دہرایا اور مطالبہ کیا کہ مقامی فنکاروں کے رقومات جو عرصہ دراز سے دوردرشن سرینگر میں رکے پڑے ہیں کی واگزاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان فنکاروں کو مزید مالی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ طارق جاوید نے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے اس مسئلے کی طرف ذاتی مداخلت کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کلچرل اکیڈمی اور آکاشوانی سرینگر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کی موجودہ سیکریٹری اور ریڈیو کے پروگرام سربراہ کی سربراہی میں یہ دونوں ادارے فنکاروں کی فلاح و بہبودی کے لئے بہترین کام کررہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری راجہ مجید، ملک مشتاق، فاروق عادل، مشتاق گنائی وغیرہ صدر کے ہمراہ تھے۔ جبکہ اشرف رازگیری اور شہزاد حیسن وادی سے باہر تھے۔