لاپتہ پولیس اہلکار کی درخت سے لٹکتی لاش بر آمد
شبروز ملک
وسطی ضلع بڈگام کے ارچندرہامہ ماگام سے تعلق رکھنے والے محمد اشرف کی لاش بٹہ پورہ ماگام میں کھیت سے برآمد ہوئی ۔ محمد اشرف راتھرپری ہاس پورہ پٹن میں انڈین ریزرو پولیس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھے ۔ گھروالوں کے مطابق گزشتہ روز شام کے آٹھ بجے وہ نزدیکی دکان سے کھانے پینےکی کچھ اشیا لیکر گھر کی جانب جارہے تھے تبھی گھرکے نزدیک ہی کچھ نامعلوم افراد انہیں اپنے ساتھ لے گئے ۔ گھروالوں کا کہنا ہے کہ جب رات دیر تک اشرف احمد گھر واپس نہیں لوٹے ، تو انہوں نے اشرف کو فون کیا ، تو ان کافون بھی بندپڑاتھا ۔ رات بھرگھر والے ان کی تلاش میں اور ان کے واپس لوٹنے کے منتظرتھے ۔ صبح جب گھر پھر سے ان کی تلاش کرنے لگے اورگاؤں والوں کو بھی مطلع کیا گیا تو اسی دوران چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں ۔ کھیت میں ایک سفیدہ کے درخت کے ساتھ اشرف کی لاش بندھی پائی گئی ۔اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اسٹیشن کی نفری نے جائے واردات پر پہنچ کرلاش کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ بعد میں لاش کو سرینگر پی سی آر منتقل کیا گیا ، جہاں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ قانونی لوازمات کے بعد لاش ان کے آبائی گھر پہنچائی گئی ۔ جوں ہی اشرف کی لاش ان کے آبائی گھرپہنچی ، تووہاں صف ماتم بچھ گئی ۔ تجہیز وتکفین کے بعد اشرف کوسپرد خاک کیا گیا ۔مقتول کے بھائی نے نیوز18 اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی سال پہلے پولیس میں نوکری مل گئی تھی اور دونوں بھائی پری ہاس پورہ میں قائم انڈین ریزرو پولیس ہیڈ کوارٹر میں ڈیوٹی دے رہے تھے ۔ انہوں نے ملوث افراد کو پکڑنے کی پولیس سے اپیل کی ۔
