شعراء نے اپنے تازہ کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا
پلوامہ/ تنہا ایاز/ ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا جس میں کئی شعراء نے حصہ لیا اور اپنے تازہ کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے صدر شمس سلیم نے کہا کہ اس طرح کی ادبی تقریبات منعقد کرنے سے کشمیری زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان کو بھی فروغ ملتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پلوامہ کی معروف ادبی اور ثقافتی تنظیم ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی کی طرف سے ایک محفل مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے کئی شعراء نے شرکت کی۔مشاعرے کی صدارت سوسائٹی کے صدر شمس سلیم نے کی ۔مشاعرے میں غلام محمد دلشاد، محترمہ فاطمہ جی ،جہانگیر ایاز ،زرگر عبدالعزیز ،اردو کے معروف شاعر شیخ گلزار ، محمد اکبر درد باز ،غلام محمد جنگلناری اور شمس سلیم سمیت دیگر شعراء نے خوبصورت اشعار پیش کیے۔ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ کے صدر شمس سلیم نے اس موقع پر بتایا کہ ایسی تقریبات منعقد کرنے سے کشمیری زبان ،کلچر کے ساتھ ساتھ اردو زبان کو بھی فروغ ملتا ہے ۔مشاعرے سے قبل سوسائٹی کے نائب صدر غلام محمد جنگلناری کی صدارت میں ایک میٹنگ بھی منعقد ہوئی ۔جس دوران تنظیم کے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نائب صدر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی پرانی ادبی تنظیم ہے اور آج تک اس سوسائٹی نے کشمیری زبان ،کلچر اور ثقافت کو فروغ دینے کیلئے بے لوث خدمت کی ہے ۔اس تنظیم کی مقبولیت کو دیکھ کر پلوامہ کے چند عناصر ادبی لباس پہن کر سوسائٹی کے خلاف پراپیگنڈہ چلا رہے ہیں ۔انہوں نے ایسے افراد کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظم شکنی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی اور جو لوگ ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی میں انتشار پھیلانے کی صف بندی کرینگے انہیں تنظیم سے برطرف کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے سوسائٹی سے وابستہ شعراء پر زور دیا کہ وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہے۔
