وومید رنگ منچ نے کیا ہے فیسٹیول کا اہتمام
سرینگر/ 22 نومبر/ شافیہ گلفام/
4 روزہ جموں فلم فیسٹیول “JFF” اور سری نگر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول “TIFFS” کے مشترکہ ایڈیشن کا گزشتہ دن جموں میں جموں و کشمیر ‘UT’ کے گورنر شری منوج سنہا نے افتتاح کیا۔ جموں میں دو دن جاری رہنے کے بعد سرینگر کے ٹائیگورہال میں دو روز تک جاری رہنے والے اس فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب پر معروف ماہر تھیٹر بشیر بھوانی اور لوک جن شکتی پارٹی کے سینئر لیڈر اور قومی ترجمان سنجے صراف نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں مقامی فلم ساز گل ریاض اور بلبیر سنگھ سہانی کی ہدایت میں تیار کی گئی دو فلموں’ششر’اور’مٹی نصیب دی’ کے ٹریلر کی نمائش کی گئی۔ فیسٹیول کے ڈائریکٹر روہت بٹ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں اور سرینگر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا مقصد جموں و کشمیر تمدن اور ثقافت کی نمائش اور جموں و کشمیر کے باصلاحیت نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے نوجوان غلط کاموں کے بجائے جموں اور کشمیر کی تعمیر و ترقی میں اپنا تعاون فراہم کرکے ملک میں اپنا نام روشن کریں۔ تقریب میں مقامی فلم ساز گل ریاض اور بلبیر سنگھ سہانی کے علاوہ مقامی اداکار گلفام بارجی، شگفتہ اور فرحت صدیقی کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ تقریب میں مقامی نوجوان فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔پہلے روز ڈیڑھ درجن کے قریب مختصر فلموں کی نمائش کی گئی جن میں بیرونی ممالک کی فلمیں بھی شامل تھیں۔ بتادیں کہ اس ففیسٹیول کا اہتمام وومید رنگ منچ نے کیا ہے۔ تقریب کی میزبانی منظور احمد میر کررہے۔