کلچرل اکیڈمی نے کشمیر میوزک کلب سرینگر کے اشتراک سے تقریب کا کیا اہتمام
جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز اور کشمیر میوزک کلب سرینگر کے اشتراک سے ٹائیگورہال سرینگر میں ’’شش رنگ ‘‘سیزن 14 کی ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے ایک حصے کے طور کانفرنس روم ٹیگور ہال میں ’’روایات اور تجدید‘‘ کے موضوع پر ایک مباحثہ ہواجس میں 70 سے زائد ممتاز اسکالروں، موسیقاروں، فنکاروں، صحافیوں، نقادوں اور دانشوروں نے شرکت کرکے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ماہرین نے مباحثے میں وحید جیلانی اور ان کے گائے ہوئے اور کمپوز کئے ہوئے شش رنگ کو مثالی قرار دیا۔شش رنگ پروگرام کے دوسرے حصے میں بعد دوپہرٹیگور ہال میں ہی جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر، سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، ایم ایل اے چھانپورہ فاروق احمد گورو، ڈائریکٹرآرکائوز کلدیپ کرشن سدھا شریک ہوئے۔اس موقعے جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کی سیکریٹری ہرویندر کور نے اپنے استقبالیہ کلمات میں ثقافتی تقریبات کو فروغ دینے میں اکیڈمی کے رول پر تفصیل سے روشنی ڈالی اورخطے کے فنکارانہ ورثے کے تحفظ میں شش رنگ جیسے میلوں کی اہمیت بیان کی۔ تقریب میں اُستاد محمد یعقوب شیخ اور شبیراحمد سازنواز نے صوفیانہ موسیقی پیش کرکے حاضرین کو محفوظ کیا۔اس فوران معروف فوک گلوکار گلزار احمد گنائی اور منظور احمد شاہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے داد و تحسین حاصل کی۔تقریب میں وحید جیلانی کا تیار کردہ شش رنگ پیش کیا گیا جسے حاضرین نے سراہا۔تقریب کے دوران اُستاد غلام احمد صوفی میموریل ایوارڈ فوک گلوکار گلزار احمد میرکو، اُستاد نسیمہ اختر میموریل ایوارڈ جمیلہ خان کو دیا گیا۔ اسی طرح موہن لال ایمہ میموریل ایوراڈفوک گلوکار اسد اللہ شاہ کو، استاد نصراللہ خان میموریل ایوراڈ پنڈت کرشن لنگو کو ،اور استاد غلام نبی شیخ میموریل ایوارڈ اسد انجم کو دیا گیا۔شش رنگ تقریب میں منیر احمد میر، قاضی رفیع ،محمد شفیع، اسد انجم، عاقب اسد، زبیدہ ، زاہدہ ترنم، شاہی ممتاز، شازیہ بشیر، راشدہ، جمیلہ بشیر، عائشہ، شازیہ حمید، پروین آزاد نے کورس کی صورت میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں سپیکر عبدالرحیم راتھر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منتظمین کی تعریف کی اور کشمیر کی روایتی موسیقی کو محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی عظیم الشان تقریبات خطے میں امن، محبت اور اتحاد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر نے فنکاروں اور ان کی لگن کو سراہتے ہوئے ان کے جزبات کی قدر کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فنکار برادری کو درپیش مسائل ضرور حل کئے جائیں گے۔تقریب منعقد کرنے میں جے کے بنک، کنول فوڈز، اور قرار اسٹوڈیو کا تعاون بھی حاصل رہاجبکہ ڈی ڈی کئشیر،ریڈ ایف ایم، اور گریٹر کشمیر تقریب کے میڈیا پارٹنرز تھے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر میوزک کلب سرینگر کے چئیرمین وحید جیلانی نے تمام شرکاء مہمانوں اور سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شش رنگ سیزن 14 ایک بار پھر کشمیر کے بھرپور ثقافتی ورثے کا ایک مینار ثابت ہوا۔