بارہمولہ ندائے کشمیر
گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بارہمولہ کی جانب سے 31 اکتوبر 2024 (جمعرات) محفل مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ایوان صدارت میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نیلو فر بٹ صاحبہ، بشیر منگلوالپوری اور خالق پرویز تھے۔ ڈاکٹر فيض قاضی آبادی ( صدر شعبہ اردو گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بارہ مولہ) نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
مشاعرہ میں شمالی کشمیر کے منتخب شعراء کرام کو مدعو کیا گیا تھا جن کا استقبال ڈاکٹر بلال احمد نے کیا۔ اس مشاعرہ میں صدر محفل بشیر منگلوار پوری اور خالق پرویز نے اپنے تازہ کلام کے ساتھ ساتھ مشاعرہ کی اہمیت اور زبان کے فروغ میں مشاعرے کے کردار کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی زبان کے فروغ کے لیے ادبی نشستیں اور ادباء کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ دیگر شعراء جن میں حسن اظہر ، عبد الاحد جمشید ، حسن درویش، روحی جان، نثار اعظم ، ایوب دلبر ، ساغر سرفراز، مسرور مظفر ، ریاض ربانی، نگہت نسرین، نظیر تبسم اور اطہر بشیر نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ کالج کی طالبہ انشا کے علاوہ پروفیسر ضمیر اور ڈاکٹر فیض قاضی آبادی نے شعری ذوق و شوق کا مظاہرہ کر کے اپنے اشعار سنا کر سامعین سے داد حاصل کی۔ ڈاکٹر محمد یوسف وانی نے مشاعرے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
محفل مشاعرہ کے اختتام پر ڈاکٹر طاہر محمود نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس محفل مشاعرہ کے منتظمین صدر شعبہ اردو ڈاکٹر فیض قاضی آبادی، ڈاکٹر طاہر محمود ڈار اور ڈاکٹر شیخ منصور تھے۔


