دلدار اشرف شاہ کا لکھا ڈرامہ ‘پینجہ پیٹھ’IUST میں کیا پیش
سرینگر/7 نومبر/ شافیہ گلفام/
اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی IUST اونتی پورہ کے نند ریشی آڈیٹوریم میں شاہکار کلچرل سوسائٹی سرینگر سے وابستہ فنکاروں نے دلدار اشرف شاہ کا لکھا اور ان ہی کی ہدایت میں کشمیری اسٹیج ڈرامہ’پینجہ پیٹھ’ پیش کرکے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔ اس ڈرامہ کی کہانی کشمیر میں قیام پزیر ہندو مسلم اور سکھوں کے درمیان آپسی بھائی چارے اور پیار محبت پر مبنی ہے۔یہ ڈرامہ نارتھ سنٹر کلچر زون پریگہ راج الہ آباد UP منسٹری آف کلچر CFPG سکیم 2024 کے تحت منظور کیا ہوا اور مالی معاونت حاصل کرکے کھیلا گیا۔ ڈرامے میں تمام اداکاروں نے اپنی بہترین اداکاری سے حاضرین کو محفوظ کیا۔ ڈرامے میں جو نمایاں اداکا تھے ان میں گلفام بارجی، اشرف راز گیری، محمد شفیع خان، جمیلہ اختر اور شکیل نقاش قابل ذکر ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے اس موقع پر ڈرامہ نویس،ڈرامہ کے سپروائزر الطاف حسین اور ڈرامے میں کام کرنے والے تمام فنکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ڈرامے سماج بالخصوص نئی نوجوان نسل کو کشمیری ہندو مسلم اور سکھوں کے آپسی پیار و محبت اور بھائی چارے سے آگاہی ملتی ہے۔ انہوں امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں بھی اس طرح کے سبق آموز ڈرامے پیش کئے جائیں گے۔ڈرامے کو کئی معروف اداکاروں نے مشاہدہ کرنے کے بعد شاہکار کلچرل سوسائٹی کے تمام فنکاروں بشمول ڈرامہ نویس دلدار اشرف شاہ کی خوب سراہنا کی ان اداکاروں میں سید جاوید گیلانی، ظہور زیدی، گل جاوید خان اور شیخ محمد حنیف قابل ذکر ہیں۔یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد اس سبق آموز ڈرامہ سے لطف اندوز ہوئے۔
