صوفی شاعرہ گلشن بانو کے شعری مجموعہ ‘حباب گلشن کی رسم رونمائی
بانڈی پورہ/ 5 نومبر/ شافیہ گلفام/
نادی ہل بانڈی پورہ میں فقیر اور بزرگ صوفی شاعر سید محمدحنیف قادری کی صدارت میں ایک مختصر مگر پروقار ادبی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کشمیری صوفی شاعرہ محترمہ گلشن بانو کے شعری مجموعہ حباب گلشن کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔تقریب میں معروف ادیب، تنقید نگار، شاعراور براڈکاسٹر عبدالاحد فرہاد خاص مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے جبکہ معروف صحافی اور ایشین میل کے مدیراعلیٰ رشید راہل اور نگینی کلچرل فاونڈیشن کے سربراہ انجنیئر بشیر شبنم مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں شامل ہوئے۔اس موقع پر پر مقررین نے کہا کہ کشمیری ادب کو فروغ دینے میں خواتین کا انتہائی اہم رول رہاہے اور ہمیں اپنے اسلافوں کی تعلیمات سے نئی نسل کو آراستہ کرنا چاہئے تاکہ وہ بھی صوفی روایات اور تعلیمات سے مالامال ہوسکے۔تقریب میں منظر عام پر لائی گئی کتاب پر شبنم بشیر اور مشتاق احمد خان نے تبصرہ پیش کیا۔واضح رہےکہ اس ادبی تقریب کا اہتمام نگینی کلچرل فاونڈیشن نے ایشین میل کمیونکیشن کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب میں ادب نوازوں کی ایک خاصی تعداد نے شرکت کی اور خاتون شاعرہ کو خراج تحسین پیش کیا۔