107

ہلاکت خیز واقعہ ڈپٹی کمشنر کولگام اورایس پی کی لاپرواہی کانتیجہ

دونوں حکام کی معطلی تک بھاجپاکی سیاسی سرگرمیاں بند:صوفی یوسف
سرینگر:30،اکتوبر/ جمعرات کوشام دیرگئے ضلع کولگام کے وائی کے پورہ قاضی گنڈ علاقہ میں مبینہ طورپرجنگجوئوں کے ہاتھوں بھارتیہ جنتاپارٹی کے تین نوجوان کارکنوں کی ہلاکت کامعاملہ سیاسی رنگت اختیار کرگیاہے ،کیونکہ بھاجپاکے کشمیر یونٹ نے ان ہلاکتوں کیلئے ڈپٹی کمشنر کولگام اورایس ایس پی کولگام کوذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دونوں اعلیٰ حکام کے فوری تبادلے کی مانگ کی ہے ۔خیال رہے جمعرات کوشام کے تقریباً8بجے نامعلوم اسلحہ برداروں جن کوپولیس نے جنگجوقرار دیاہے ،نے وائی کے پورہ کے نزدیک ایک نجی گاڑی میں سوار بھارتیہ جنتاپارٹی کے تین کارکنوں بشمول یوا مورچہ جنرل سیکرٹری کولگام فداحسین ایتو،بھاجپاکارکن عمرحجام ساکنان وائے کے پورہ اورانجینئر ہارون رشید بیگ ساکنہ سوپت قاضی گنڈپرگولیوں کی بوچھاڑ کردی ،جسکے نتیجے میں بھاجپاکے تینوں نوجوان کارکن اسپتال پہنچائے جانے سے پہلے راستے میں دم توڑ بیٹھے ۔جے کے این ایس کے مطابق بھاجپاکی جموں وکشمیرشاخ کے سینئر لیڈر اورسابق ممبرقانون سازکونسل صوفی یوسٖف نے پارٹی کے تین کارکنوں کی ہلاکت پرسخت ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے حملے پاکستان اورجنگجوئوں کی فرسٹیشن کوظاہر کرتے ہیں۔صوفی یوسف نے کہاکہ ایسے حملے ہمارے حوصلوں کوپست نہیں کرسکتے ہیں ،بلکہ ہم پورے عزم کیساتھ اپنارول نبھاتے رہیں گے ۔صوفی یوسف نے ان ہلاکتوں کیلئے ڈپٹی کمشنر کولگام اورایس ایس پی کولگام کوذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دونوں اعلیٰ حکام کے فوری تبادلے کی مانگ کی ۔انہوں نے کہاکہ ڈی سی اورایس پی کولگام کی لاپرواہی سے پارٹی کارکنوں کی ہلاکت کاواقعہ رونماہوا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پارٹی کارکنوں کوسیکورٹی،گاڑیاں اوردیگرسہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی تھی ،لیکن ایسا نہیں کیاگیا۔صوفی یوسف کے بقول سیول اورپولیس انتظامیہ کے دونوں اعلیٰ افسرمتکبر ہیں ،اورہم ان دونوں کے تبادلے کی مانگ کرتے ہیں ۔سابق ایم ایل سی نے کہاکہ بھاجپاتب تک کسی بھی سیاسی سرگرمی اورڈی ڈی سی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی ،جب تک ڈی سی اورایس پی کولگام کومعطل نہیں کیاجاتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ورکروں کی ہلاکت سیکورٹی کی ناکامی کانتیجہ ہے ،کیونکہ ڈی سی کولگام اورایس پی کولگام بالترتیب صوبائی کمشنر اورڈی جی پی کوبھی خاطر میں نہیں لاتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں