فائنل میں جموں نے پونچھ کو ہرا دیا
پلوامہ/ندائے کشمیر/ تنہا ایاز/
جنوبی ضلع پلوامہ میں U19 یو ٹی لیول انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ اختتام پزیر ہوا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جموں کی ٹیم نے پونچھ کو 4 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے ہدایت پر ضلع پلوامہ میں یو ٹی سطح کا انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبہ جموں اور کشمیر کے انڈر 19 ہاکی ٹیموں نے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا۔اس حوالے سے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس پلوامہ کی جانب سے ہاکی ٹرف پلوامہ میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر پلوامہ چوہدری محمد قاسم کے علاوہ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے کئی ملازمین نے شرکت کی۔ٹورنامنٹ کا فائنل میچ پونچھ اور جموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں جموں کی ہاکی ٹیم نے پونچھ کو 4 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔اس موقع پر ضلع سپورٹس افسر چوہدری محمد قاسم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔جموں اور کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے کھلاڑیوں نے پلوامہ ہاکی ٹرف پر کھیلتے ہوئے کافی خوشی کا اظہار کیا۔ کھلاڑیوں نے بات کرتے ہوئے سرکار اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔