91

سیاسی لیڈروں کی حفاظت حکومت کی اہم ترجیح :مشیر آرآربھٹناگر

بھاجپاکارکنوں کی ہلاکت سیکورٹی کی ناکامی کانتیجہ نہیں :ڈی سی کولگام
سرینگر:30،اکتوبر/جموں وکشمیرکی حکومت نے سیاسی لیڈروں اورکارکنوں کی حفاظت کواہم ترجیح قراردیتے ہوئے کہاکہ قاضی گنڈ میں بھاجپاکے تین کارکنوں کی ہلاکت سے متعلق حقائق کاپتہ لگایاجارہاہے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر کولگام نے بھاجپاکے ایک مقامی لیڈرکے الزام کومستردکرتے ہوئے کہاکہ بھاجپاکارکنوں کی ہلاکت کاواقعہ سیکورٹی کی ناکامی کی وجہ سے پیش نہیں آیا۔جے کے این ایس کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی سے وابستہ سابق ایم ایل سی صوفی یوسف کے اس الزام کہ پارٹی کے تین کارکنوں کی ہلاکت سیکورٹی کی ناکامی کانتیجہ ہے ،اوراس کیلئے کولگام ضلع میں تعینات سیول اورپولیس انتظامیہ کے دواعلیٰ حکام ذمہ دار ہیں ،کے حوالے سے لیفٹنٹ گورنر کے مشیر آرآر بھٹناگر نے جمعہ کے روزکہاکہ سیاسی لیڈروں اورکارکنوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے سیاسی لیڈروں اورکارکنوں کومعقول سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے ،کیونکہ اُنکی سلامتی وحفاظت سرکارکی ایک اہم ترین ترجیح ہے ۔ایل جی کے مشیر آرآر بھٹناگر کامزیدکہناتھاکہ جمعرات کی شام قاضی گنڈ کے مضافاتی گائوں وائی کے پورہ میں تین سیاسی کارکنوں کی ہلاکت کے حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ اصل حقائق تک پہنچاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت یہاں تمام سیاسی لیڈروں اورکارکنوں کی حفاظت کویقینی بناناچاہتی ہے ،اوراس سلسلے میں ضروری اقدامات روبہ عمل لائے جاتے ہیں ۔ایل جی کے مشیر کاکہناتھاکہ انتظامیہ کی جانب سے کشمیر میں سیاسی کارکنوں کوسیکورٹی فراہم کی جاتی ہے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر کولگام شیخ اعجاز نے بھاجپالیڈرصوفی یوسٖف کی جانب سے عائدکردہ الزامات کومسترد کرتے ہوئے کہاکہ ہلاکت کاواقعہ اُن کے دائرہ حدودمیں پیش نہیں آیا۔انہوںنے کہاکہ بھاجپاکارکنوں کی ہلاکت کاواقعہ سیکورٹی کی ناکامی کی وجہ سے پیش نہیں آیا۔خیال رہے صوفی یوسف نے ان ہلاکتوں کیلئے ڈپٹی کمشنر کولگام اورایس ایس پی کولگام کوذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دونوں اعلیٰ حکام کے فوری تبادلے کی مانگ کی ۔انہوں نے کہاکہ ڈی سی اورایس پی کولگام کی لاپرواہی سے پارٹی کارکنوں کی ہلاکت کاواقعہ رونماہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں