نئی نسل کو جنگلات کی اہمیت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت/ ماہر ماحولیات ڈاکٹر روف الرفیق
پلوامہ/ندائے کشمیر/تنہا ایاز/
وائلڈ لائف ہفتہ ہر سال 2سے 8اکتوبر تک منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے نباتات اور حیوانات کی حفاظت کرنا اور عام لوگوں کو جنگلی حیات کی اہمیت سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔اس حوالے سے وادی کشمیر میں بھی محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس دوران مقررین نے جنگلی حیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ادھر وادی کشمیر کے نامور ماہر ماحولیات کے ڈاکٹر روف الرفیق نے وائلڈ لائف ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نئی نسل کو جنگلات کی اہمیت،جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ سکولوں، کالجوں اور یونیوسٹیوں میں بھی طالب علموں کو جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں جانکاری دینے کی اشد ضرورت ہے۔ماہر ماحولیات کے ڈاکٹر روف الرفیق نے مزید بتانا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جنگلات کا تناسب برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجر کاری کریں۔ جنگلات کی حفاظت، ماحولیات کے تحفظ اور جنگلی حیات کو نصاب کا حصہ بنانا ضروری ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں جنگلات کی اہمیت کو سمجھیں اور ان کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وائلڈ لائف ہفتہ کے موقع پر جنگلی حیات کے بچاو کا عزم کرنا ہوگا۔ڈاکٹر روف نے وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھانے پر بھی زور دیا۔