بھرت سنگھ کی غیر موجودگی کو گہرائی سے محسوس کیا جائے گا/پرنسپل سیکریٹری کلچر
سری نگر/ندائے کشمیر/ 20 جولائی
جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے سکریٹری بھرت سنگھ منہاس کا مختصر علالت کے بعد کل شام انتقال ہوگیا۔2001 بیچ کے ایک جے کے اے ایس آفیسر منہاس نے مئی 2022ء میں کلچرل اکیڈیمی میں سکریٹری کے طور پر شمولیت اختیار کی تھی۔ اپنے 2 سالہ دور میں اس نے کلچرل اکیڈیمی اور ثقافتی شعبے کو نمایاں اور متحرک بنایا۔آنجہانی منہاس کی یاد میں ہفتہ کو کلچرل اکیڈمی کے صدر دفتر لال منڈی سری نگر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پرنسپل سکریٹری محکمہ ثقافت سریش کمار گپتا نے کی۔ان کے انتقال پر کئی ادبی اور ثقافتی انجمنوں نے تعزیت کا اظہار کیا ۔شری گپتا نے اس موقعے پر کہا بھرت سنگھ جی کے انتقال نے ایک خلا چھوڑ دیا ہے اور اِن کی غیر موجودگی کو گہرائی سے محسوس کیا جائے گا۔اسی طرح کے جذبات پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلزار احمد بھٹ نے بھی بھرت سنگھ منہاس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔تعزیتی میٹنگ میں اکیڈیمی ملازمین،فن اور ثقافت سے وابستہ شخصیات،این ایس ڈی سٹاف کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری کلچرل اکیڈیمی سید شکیل الرحمان، آفیسر انچارج کشمیر ڈویژن فاروق انور مرزا، آفیسر انچارج ٹی آر سی مفتی شفیق الرحمان، صدر ادبی مرکز کمراز محمد امین بٹ، این ایس ڈی کوآرڈینیٹر گلزار احمد گنائی، معروف ثقافت شناس مشتاق احمد علی خان بھی شامل تھے۔