بچوں کیلئے ٹیکہ کاری مہم شروع ہونے پر لیفٹیننٹ گورنر کا ہیلتھ ورکروں کو مبارکباد 24

جموں وکشمیر میں کوئی پراپرٹی ٹیکس نہیں لگایا جائے گا

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا اعلان

سرینگر؍19، اکتوبر ؍ ؍ لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا نے سوموار کے روز اعلان کیا کہ جموں وکشمیر میں کوئی پراپرٹی ٹیکس عائد نہیں ہوگا ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ مرکزی انتظامیہ جموں و کشمیر میں لوگوں سے کوئی پراپرٹی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔نمائندے کے ڈی کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر سنہا بارہمولہ میں ایس آر ٹی سی پل کا افتتاح کرنے کے بعد ’میرا قصبہ میرا فخر ‘کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا’حال ہی میں جموں و کشمیر کے لوگوں پر پراپرٹی ٹیکس لگایا گیا تھا۔ میں آپ کو بڑی ذمہ داری اور ہوش مندی سے بتا رہا ہوں کہ یو ٹی انتظامیہ کے ذریعہ جموں و کشمیر میں اس طرح کا کوئی ٹیکس نہیں لیا جائے گا‘۔جموں وکشمیر پنچایت راج ایکٹ میں حالیہ ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے ان خدشات کو ختم کیا کہ پنچایتی نمائندوں کو پنچایت قانون میں ان ترامیم کی وجہ سے ماہانہ اعزازیہ حاصل کرنا بند کردیں گے‘۔ان کا کہناتھا ’میں تمام پنچایت نمائندوں کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت آپ کے معاوضے میں اضافہ روکنے کے بجائے مزید بڑھانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ یہ بے بنیاد افواہیں ہیں جن پر آپ کو کوئی دھیان نہیں دینا چاہئے ۔‘لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع بارہمولہ میں ترقیاتی اشاریہ بڑھانے میں پنچایت نمائندوں کی رائے بھی مانگی۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری حکومت نے حال ہی میں جموں وکشمیر پنچایت راج ایکٹ میں ترمیم کی ہے جس کی بنا پر ہر ضلع میں ضلعی ترقیاتی کونسلیں تشکیل دی جائیں گی تاکہ عوام کو نچلی سطح پر منصوبہ بند ترقیاتی سرگرمیوں سے مستفید کیا جاسکے۔یاد رہے کہ حال میں مرکزی سرکارنے جموں کشمیر میں میونسپلٹی کو جائیداد سے متعلق ٹیکس کی وصولیابی کے اختیارات دئے تھے۔ حکمنامے کے مطابق میونسپل کمیٹیاں اور کارپوریشن اپنے اپنے بلاکوں میں پراپرٹی ٹیکس لگانے کی مجاز ہوگی ایک اہم پیش رفت کے تحت مرکز ی وزارت داخلہ نے جموں کشمیر میونسپلٹی کو اس سلسلے میں باختیار بنانے کیلئے کئی قوانین میں ترمیم کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں