109

جھیل ڈل کی خاموشی سیاحتی صنعت کی ڈوبتی نائو کاایک منہ بولتاثبوت

شاذونادرہی ملکی وغیرملکی سیاحوں کی آمد ،مقامی سیلانی ہی شکارہ والوں کی روزی روٹی کاذریعہ

سری نگر:۲۲،ستمبر/فروٹ یامیوہ صنعت کے بعدٹوارزم سیکٹر صرف وادی کشمیر ہی نہیں بلکہ پورے جموں وکشمیر کادوسرااہم ترین شعبہ یاصنعت رہاہے ،کیونکہ شعبہ سیاحت کیساتھ لاکھوں لوگ بالواسطہ یابلاواسطہ طورپرجڑے ہوئے ہیں ،مطلب سیاحتی صنعت لاکھوں لوگوں بشمول شکارہ والوں ،ہائوس بوٹ وہوٹل مالکان وورکروں ،ٹرانسپورٹروں ،گائیڈوں ،دستکاروں اوردیگربہت سارے لوگوں کیلئے ذرائع آمدن یاروزگار کاذریعہ ہے ۔اتناہی نہیں بلکہ سیاحتی صنعت خزانہ عامرہ کیلئے بھی مختلف ٹیکسوں وغیرہ کی صورت میں آمدن کاایک اہم ترین وسیلہ ہے ۔لیکن میوہ صنعت وہینڈی کرافٹس صنعت کی طرح ہی سیاحتی صنعت کوبھی مشکل ترین دور یاصورتحال کاسامنا ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق مشہور زمانہ جھیل ڈل کے کنارے سیاحوں کے آنے کاانتظار کرنے والے شکارہ والوں کے چہرے اس صورتحال کوبغیر الفاظ کے بیان کرتے ہیں ۔بلیو وارڈ روڑ پر واقع ہوٹلوں کے ملازمین اورمالکان کی نظریں بھی بہت کچھ بیان کرتی ہیں ۔20ستمبربروز اتوار دن کے اڑھائی بجے جب موسم خوشگوار تھا،اوردھوپ بھی نکلی تھی توجھیل ڈل کامنظر بھی بڑا دلکش تھا۔ڈل کے کنارے کم وبیش ایک درجن مقامات پر شکارہ والے سیاحوں کے آنے کاانتظار کررہے تھے ۔مقامی لوگ اکیلے یاجوڑوں نیز کنبوں کی صورت میں یہاں سیروتفریح کیلئے آرہے تھے ۔شکارہ والے ایک ایک کرکے یعنی باری باری کسی نہ کسی جوڑے کوشکارے میں بٹھا کر جھیل ڈل کی سیرکیلئے نکل رہے تھے ۔دوگھنٹے یہاں شکارہ والوں کے باری باری مقامی سیلانیوں کولیکر جاتے دیکھا،لیکن ان سیلانیوں میں کوئی ایک بھی غیرمقامی یاکسی دوسری ریاست یاکسی بیرون ملک کانہیں تھا۔کچھ شکارہ والوں سے بات کی تواُن کاکہناتھاکہ ہم روزی روٹی اب مقامی لوگوں کی وجہ سے ہی چلتی ہے ،ہم اتوارکوکام کرتے ہیں اورباقی 6دن شاذونادر ہی کوئی جھیل ڈل کی سیروتفریح کیلئے آتا ہے ۔بلیو وارڈ روڑ اورڈل کے کنارے مقامی سیلانیوں کی اچھی تعدادنظرآرہی تھی ،جو سماجی یاجسمانی دوری کاخیال رکھتے ہوئے یہاں اُس جھیل (ڈل) کانظار کررہے تھے ،جس کودیکھنے کیلئے یورپ ،مغرب ،عرب اورشمالی مشرقی ایشیاء کے ممالک سے لوگ (سیاح ) ہرسال آیاکرتے تھے۔اُن کیلئے شکارے میں بیٹھ کر جھیل ڈل کانظارہ کرناایک خواب ہواکرتا تھا،اورپھروہ دلکش ہائوس بوٹوں میں ٹھہرنا اپنے لئے باعث فخر سمجھتے تھے ۔لیکن آج شکارے اورہائوس بوٹ اُن مہمانوں کی مہمان نوازی کیلئے ترس رہے ہیں ۔شکارہ والے اورہائوس بوٹ مالکان کہتے ہیں کہ پانچ اگست 2019کے بعدہم نے کبھی خوشی یاراحت تودُور کی بات ،سکون بھی نہیں پایا،کیونکہ ہماری روزی روٹی نہیں چل پارہی ہے ،ہم دن بھریہاں ہاتھ پے ہاتھ دھرے بیٹھے رہتے ہیں ۔ایک ہائوس بوٹ مالک نے افسردہ لہجے میں کہاکہ ہم کبھی غیرملکی سیاحوں کیساتھ ٹوٹی پھوٹی انگریز ی میں بات کیاکرتے تھے ،آج ہمارے پاس وہ زبان بھی نہیں کہ کسی کواپنادردسناسکیں ۔ایک شکارہ والے کاکہناتھاکہ میں چار بچوں کاباپ ہوں ،سوچا تھاکہ بچوں کواعلیٰ تعلیم دلاکراُن کامستقبل بہتر بنائوں لیکن5،اگست2019سے جاری صورتحال نے اتنی تنگدستی پیداکردی کہ اب ٹیوشن تودورکی بات اسکول کافیس اداکرنابھی مشکل بن چکاہے ۔نہرئو پارک کے بالکل سامنے مین چوک میں چاردہائیوں سے پرویز احمد اورمحمداکبر نامی دوبھائی ایک ٹی اسٹال چلارہے ہیں ،جہاں اب چائے نہیں بلکہ Cofeeدستیاب رہتی ہے ۔شاہ کیفٹیریا نامی اس ٹی اسٹال یاکیفے کے مالک محمداکبر نے اپنے اس چھوٹے سے ٹی اسٹال میں شیشے کاایک فریم آویزاں رکھا ہے ،جس میں کم وبیش ایک درجن سے زیادہ ملکوں کے کرنسی نوٹ چسپاں کئے گئے ہیں ۔محمداکبر نے بتایاکہ جب بھی کوئی غیرملکی یاملکی سیاح آتاتھا تووہ اپنے ملک کاکرنسی نوٹ ہمیں بطوریادگار دیاکرتاتھا،اورہم نے ان سبھی کرنسی نوٹوں کوجمع کرکے اس فریم میں بطورایک یادگارکے چسپاں کیا ،تاکہ جب بھی کوئی ملکی یاغیرملکی سیاح یہاں آئے تووہ یہ جان سکے کہ مجھ سے پہلے بھی میرے ملک کے لوگ کشمیرآتے رہے ہیں ۔محمداکبرکاکہناتھاکہ اب ہم کبھی کبھارہی کسی ملکی یاغیرملکی سیاح کودیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ2،اگست2019کوجب مقامی حکومت کی جانب سے تمام سیاحوں اوریاتریوں کوکشمیر سے چلے جانے کی ہدایت جاری کی گئی ،تو میرے اس کیفے میں اُس شام خاصا رش تھا،اورہمیں اسبارے میں کوئی اطلاع یاخبر نہیں تھی کہ کوئی آرڈرجاری ہواہے ۔محمداکبرنے بتایاکہ خبرپھیلتے ہی توبلیو وارڈ روڑپرافراتفری کی صورتحال پیداہوئی ۔انہوں نے کہاکہ 3،اگست2019کوصبح سے ہی یہاں بھاگم بھاگ کی صورتحال رہی اورسبھی ہوٹل اورہائوس بوٹ شام تک خالی ہوگئے تھے ۔محمداکبر نے کہاکہ تب سے ابتک ہم نے سیاحتی صنعت کومرتے دیکھاہے ۔محمداکبر نے جھیل ڈل ،اس میں موجودہائوس بوٹوں اورکنارے کھڑے شکاروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دیکھاکہ یہاں کبھی بہارہی بہار ہواکرتی تھی ۔ شاہ کیفٹیریاکے شریک مالک محمداکبر کاکہناتھاکہ گزشتہ کچھ مہینوں سے مقامی لوگ یہاں سیروتفریح کیلئے آرہے ہیں ،اورہماری روزی روٹی ان ہی مقامی سیلانیوں کی وجہ سے چل رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں