24 گھنٹوں کے دوران اسپتال میں 60 فیصد سے زیادہ معاملات درج
سرینگر /12اپریل / عیدالفطر کے موقعہ پر وادی میں سڑک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران اسپتال میں داخل کئے گئے 60 فیصد سے زیادہ معاملات سڑک حادثات کی وجہ سے تھے۔ادھر ڈاکٹروں نے گاڑی اور موٹر سائیکل چلاتے وقت احتیاط برتنے پر زور دیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق عید الفطر کے موقعہ پر وادی کشمیر میںبڑھتے سڑک حادثات کے چلتے اعداد و شمار سے یہ انکشاف ہو گیا ہے کہ سرینگر کے صدر اسپتال میں 24گھنٹوں کے دوران داخل ہونے والے مریضوں میں 60فیصدی ایسے تھے جو سڑک حادثات کے شکار تھے ۔ ادھر معروف ڈاکٹر، پروفیسر ڈاکٹر اقبال سلیم نے عید کے دوران حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر سلیم نے خاص طور پر نوجوان آبادی کے لیے حفاظتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ٹریفک کے ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اور ہیلمٹ پہن کر اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’’عید منانے کا دن ہے۔ تاہم، ہم اس دوران روڈ ٹریفک حادثات کی تعداد میں اضافہ دیکھتے ہیں۔ برائے مہربانی ہیلمٹ پہنیں اور قواعد کے مطابق گاڑی چلائیں۔ آپ کی زندگی اور صحت قیمتی ہے۔ آپ کے والدین کے ساتھ ساتھ معاشرے کے لیے۔ خدا بھلا کرے۔ ‘‘ ایکس پر ایک اور پوسٹ میں، ڈاکٹر سلیم نے انکشاف کیا کہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے شعبہ سرجری نے گزشتہ روز 1155 مریضوں کا علاج کیا، جن میں سے 56 کو داخلے کی ضرورت تھی۔ ان معاملات میں، ایک اہم حصہ سڑک حادثات کے متاثرین پر مشتمل ہے، جو احتیاط اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے طریقوں کی فوری ضرورت کی تصدیق کرتا ہے۔
0