پاکستانی اداکارہ سارہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں سمجھتی تھیں کہ وہ سلمان خان کے ساتھ کام کریں گی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو انٹرویو دیتے ہوئے سارہ خان نے اپنے نئے ڈرامے عبداللہ پور کا دیوداس سمیت بالی وڈ کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ انہیں دپیکا پاڈوکون پسند ہے۔
سارہ خان اپنے انٹرویو میں کہتی ہیں کہ ’کسی اداکار کے لیے دوسری جگہ پر کام کرنا بہت بڑی بات ہے اور اگر انہیں بالی وڈ میں کام کرنے کا موقع ملے گا تو یہ بہت شاندار بات ہوگی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ میرے آدھے مداح انڈیا میں ہیں اور آدھے پاکستان میں ہیں۔ بالی وڈ کا کون مداح نہیں ہے؟ مجھے دپیکا پاڈوکون بہت پسند ہے۔‘
اداکارہ نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو میں سجھتی تھی کہ میں سلمان خان کے ساتھ کام کروں گی۔‘
31 برس کی اداکارہ کا نیا ڈرامہ سیریل ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ انڈین یوٹیوب چینل ’زی زندگی‘ پرسٹریم کیا جا رہا ہے جسے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور لاکھوں افراد اس ڈرامے کو دیکھ رہے ہیں۔
ڈرامہ سیریل عبداللہ پور کا دیوداس کی مرکزی کاسٹ میں سارہ خان کے ساتھ بلال عباس اور رضا تالش شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایتکاری انجم شہزاد نے کی ہے۔
اس ڈرامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سارہ خان کہتی ہیں کہ ’میں چاہتی ہوں کہ ناظرین عبداللہ پور کا دیوداس دیکھیں اور اُس میں میرا گل بانو کا کردار دیکھیں۔ اس ڈرامے کی کہانی پرانی ہے جسے نئے زمانے میں دکھایا گیا ہے۔ یہ دو لوگوں کی کہانی ہے جو خطوط کے ذریعے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔‘
یہ ڈرامہ کورونا وائرس کی وبا سے قبل شوٹ کیا گیا تھا تاہم اس کی ریلیز تاخیر کا شکار رہی۔
سارہ خان کے مطابق پاکستانی ڈراموں کی انڈیا میں مقبولیت اس وجہ سے زیادہ ہے کیونکہ ان میں روزمرہ کی زندگی دکھائی جاتی ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’یہ وہ کہانیاں ہیں جو ہمارے گھروں میں اور اردگرد ہو رہی ہیں لہذا دونوں ممالک کے لوگ ان سے واقف ہیں۔ ہمارے اداکار اپنی قدرتی اداکاری کی وجہ سے جانے جاتے ہیں تو دیکھنے والوں کو یوں لگتا ہے جیسے یہ ان کی اپنی کہانی ہے۔‘
خیال رہے ڈرامہ سیریل عبداللہ پور کا دیوداس کی اب تک یوٹیوب پر دو اقساط ریلیز ہو چکی ہیں جنہیں مجموعی طور پر لگ بھگ 84 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔