0

میوار یونیورسٹی نے مولانا حامی کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا

کاروان اسلامی اور دیگر تنظیموں کی طرف سے مولانا حامی کو مبارک باد

راجستھان: میوار یونیورسٹی راجستھان کی طرف سے کاروان اسلامی انٹرنیشنل کے امیراعلی الشیخ غلام رسول حامی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔خبری اشاعیہ کے مطابق میوار یونیورسٹی نے ایک خصوصی تقریب میں علامہ حامی کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی سند عطا کی ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کےچانسلر ،وائس چانسلر متعدد اسکالرز،مقامی و غیر مقامی علماء کرام کی بڑی تعداد اور طلباء کے ساتھ ساتھ مدعو کیے گئے خصوصی ریسرچ اسکالرز بھی موجود تھے۔ تقریب کا انعقاد مزکورہ یونیورسٹی نے بعنوان” Allama Shaykh Ghulam Rasool Hami a living legend ” کیا تھا ۔اس موقع پر علامہ حامی نے حاضرین سے خصوصی خطاب کیا جس کی ابتداء میں انھوں نے مزکورہ یونیورسٹی کا اس اعزاز پر شکریہ ادا کیا ۔ انھوں نے تعلیم کی اہمیت بالخصوص ہائر ایجوکیشن کی اہمیت پر نہایت کشش انگیز الفاظ سے اظہار خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیامبروں سے لے کر صوفیوں تک ہر ایک نے راہ حق تلاشنے میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا ہے جس کے نتیجے میں آج دنیا بھر میں تعلیمی انقلاب برپا ہے۔ علامہ حامی نے موجودہ علمی ، سائنسی،اور تحقیقی عروج کے لیے پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو داد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کامل تعلیم ہی کی بدولت انسان اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنی ذاتی بلندی اور معاشرتی نظام کے عروج کا سامان میسر کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ جس معیار سے مختلف سماجی تنظیمیں سماجی، اقتصادی اخلاقی اور معاشرتی بالادستی کے لیے کام کر رہے ہیں وہ قابل صدتحسین ہے۔ اس ضمن میں علامہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ پر پہلی وحی میں لفظِ” اقرأ باسم” اس بات کا کھلا اور واضح ثبوت ہے کہ اسلام دنیا میں تعلیم اور تعلم کا نظام بپا کرنے کے لئے ہی ظاہر ہوا ہے۔انہو ںنے کہا کہ حضور ﷺ کی ساری حیاتِ مبارکہ علمی و عملی بنیادوں کو استحکام بخشنے میں حیاتِ مجرب اور نویدِ نو ثابت ہوئی جو آج بھی پورے شباب کے ساتھ دنیا کے بنجر دل انسانوں کو تازگی وبہار دے کر جہالت کی تاریخیوں کو مٹارہی ہے۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے اس بات پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا کہ وہ والدین کی دلوں کی دھڑکن اور معاشرے کے لئے چراغِ راہ ہیں جن کی شعائوں سے والدین کے خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتے ہیں ۔منشیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ منشیات معاشرے میں ہر برائی کی جڑ ہےاور اس کے خاتمے کے لئے معاشرے کے ہر فردکو بلا لحاظ مسلک و مذہب مضبوط سے مضبوط تر بنیادوں پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ دریں اثناء کاروان اسلامی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پوری تحریک کی طرف سے علامہ حامی کو ان کی مثالی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ علاوہ ازیں وادی کے متعدد اسکالرز اور تنظیمی رہنمائوں نے بھی میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے علامہ حامی کو خصوصی مبارک بادیاں پیش کی ہیں اور ان کی کامیابی کو پوری وادی اور ملت کی کامیابی قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں