0

آل راؤنڈر عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستانی آلراؤنڈر عماد وسیم نے ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
جمعے کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں عماد وسیم نے لکھا کہ ’حالیہ دنوں میں میں نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کے بارے میں بہت سوچا اور میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا درست وقت ہے۔‘
تاہم عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد لیگ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
چونتیس برس کے آلراؤنڈ نے پاکستان کے لیے 55 ون ڈے انٹرنیشنل اور 66 ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔
پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عماد وسیم نے 55 ون ڈے میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کیں اور 986 رنز بنائے جبکہ 66 ٹی20 میچوں میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے 65 وکٹیں حاصل کیں اور 486 رنز بنائے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عماد وسیم نے مزید کہا کہ ’میں سپورٹ کرنے پر پی سی بی کا بھی شکر گزار ہوں اور پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔‘
آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ’121 ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کرنا ایک خواب جیسا تھا۔‘
پی سی بی میں تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک اچھا وقت ہے جہاں نئے کوچز اور نئی قیادت سامنے آ رہی ہے۔
’میں اُن کی کامیابیوں کے نیک خواہشات رکھتا ہوں اور ٹیم کو آگے بڑھتا دیکھنے کا خواہشمند ہوں۔‘
عماد وسیم نے پاکستانی کرکٹ فینز، اپنے خاندان اور دوستوں کا ہمیشہ سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
عماد وسیم کے ریٹائرمنٹ کے چند ہی منٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراپ ذکا اشرف نے ایک بیان میں کہا کہ ’عماد وسیم پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اثاثہ تھے اور محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کی کارکردگی ٹیم کی کامیاب کے لیے اہم تھیں۔‘
ذکا اشرف کا مزید کہنا تھے کہ ’ہم کرکٹ فیلڈ میں اُن کی کمی محسوس کریں گے لیکن ہم اُن کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا بھی احترام کرتے ہیں۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں