0

اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی،سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سیمیولز پر 6سال کی پابندی

سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سیمیولز پر 6سال کی پابندی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر مارلن سیمیولز پر تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر 6سال کی پابندی عائد کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 42سالہ کرکٹر پر 2019 کی ٹی10 لیگ میں اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر یہ پابندی عائد کی گئی اور ان کی چھ سالہ پابندی کا آغاز رواں سال 11 نومبر سے ہو گا۔

سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر سیمیولز 2019 میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

ایک آزاد ٹریبونل نے ویسٹ انڈین کرکٹر کو امارات کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی چار شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

سیمیولز کو اس سے قبل 2008 میں بھی اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جنرل منیجر ایلکس مارشل نے کہاکہ گوکہ سیمیولز اب ریٹائر ہو گئے ہیں لیکن جب اس جرم کا ارتکاب کیا گیا تو اس وقت وہ کھیل کا حصہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چھ سال کی پابندی کھیل کا حصہ بننے والے ان تمام افراد کے لیے سخت پیغام ہے جو ان قواعد کو توڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایلکس مارشل نے کہا کہ سمیولز نے تقریباً دو دہائی تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی اور اس دوران متعدد اینٹی کرپشن سیشنز کا حصہ رہے لہٰذا انہیں معلوم ہے کہ کیا چیزیں کھیل اور اس کا حصہ بننے والے افراد کی بدنامی کا سبب بن سکتی ہیں۔

آئی سی سی نے کہا کہ سیمیولز لگائے گئے الزامات میں سے ایک یہ تھا کہ وہ ملنے والے کسی بھی قسم کے تحائف، رقم کی ادائیگی، مہمان نوازی یا دیگر فوائد کی رسید دکھانے میں ناکام رہے اور یہ عمل اس کھیل اور اس کا حصہ بننے والے افراد کو بدنام کر سکتا ہے۔

ان پر دوسرا الزام یہ تھاکہ انہوں نے 750ڈالر یا اس سے زائد مالیت کی مہمان نوازی کی کسی قسم کی رسید پیش نہیں کی اور تحقیقات میں بھی کسی قسم کا تعاون نہیں کیا۔

یاد رہے کہ سیمیولز 2012 اور 2016 کا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے اہم رکن تھے۔

وہ 2000 سے 2018 تک 71 ٹیسٹ، 207 ون ڈے اور 67 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں تینوں فارمیٹس میں 11 ہزار سے زائد رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 150 سے زائد وکٹیں بھی لیں لیکن تقریباً دو دہائی پر محیط ان کا کیریئر تنازعات کی زد میں بھی رہا۔

2007 میں ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران انہیں میچ کے حوالے سے معلومات کی حامل ٹیپ بھارتی بک میکر کو دینے کا الزام لگا تھا اور 2008 میں ان پر دو سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ انہیں مشکوک باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے باؤلنگ کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں