0

انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر کی طرف سے سالانہ ایوارڈز کا اعلان

پروفیسر شاد رمضان کو لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا

ندائے کشمیر

سرینگر /20 نومبر :انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر کی طرف سے آج تنظیم کے صدر ریاض انزنو کی صدارت میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں تنظیم کی ایگزیکٹو باڈی کے ممبران کے علاوہ دیگر کئی ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سال 2023 کیلئے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ ایوارڈز کیلئے ممبران نے کئی ممتاز اور استاد ادباء کے نام تجویز کئے تھے۔ جس پر لگ بھگ ایک ہفتے تک ممبران نے غوروخوض کرکے بالآخر متفق طور پر پروفیسر شاد رمضان، نادر احسن اور منظور خالد کے حق میں اپنی رضا مندی دکھائی۔ جس کو تنظیم کے صدر ریاض انزنو نے تنظیم کے سرپرست کی موجودگی میں منظوری دے دی اور تنظیم کے جنرل سیکریٹری مشروع نصیب آبادی نے باضابطہ طور پر ایوارڈز کا اعلان کیا۔ اعلان کے مطابق اس سال لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ کیلئے پروفیسر شاد رمضان صاحب کا انتخاب کیا گیا۔ پروفیسر شاد رمضان کشمیری زبان کے عظیم شاعر ، قلمکار، محقق، نقاد ہیں۔ شاد صاحب کشمیر یونیورسٹی میں بحیثیت پروفیسر کشمیری مضمون پڑھاتے رہے اور کشمیری ڈپارٹمنٹ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کشمیری زبان کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ پروفیسر شاد رمضان آج ساہتیہ اکیڈمی میں کشمیری بورڈ کے کنوینر کی حیثیت سے اپنی مادری زبان کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
خلعت رُسل میر کیلئے اس سال بزرگ شاعر نادر احسن کا انتخاب کیا گیا۔ نادر احسن کی اب تک کئی کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں اور اس وقت مراز ادبی سنگم میں بحیثیت خزانچی اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ جنوبی کشمیر کی دیگر کئی ادبی تنظیمیں ان کی سرپرستی میں کام کر رہی ہیں جن میں انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر بھی شامل ہے۔ نادر احسن انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
خلعت شاد (پروفیسر غلام محمد شاد) کیلئے نوجوان اور ممتاز شاعر منظور خالد کا انتخاب کیا گیا۔ منظور خالد کی اب تک تین کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ انجینئرنگ پیشہ سے وابستگی کے باوجود بھی وہ کشمیری زبان کی ترویج کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔
میڈیا سے وابستہ چند لوگوں کو بھی اعزازات سے نوازا جائے گا جن میں خالد منتظر، غزالہ نثار، فیاض احمد لولو اور ندیم گلزار شامل ہیں۔
انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر کی طرف سے منعقد ہونے والی سالانہ کانفرنس میں مذکورہ قلمکاروں اور صحافیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔
(رئیس جاں نثار میڈیا سیکرٹری انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں