بھارت کی پولیس کے ایک افسر کو آن لائن گیمنگ سے ڈیڑھ کروڑ روپے جیتنے کے بعد ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
مہاراشٹرا کے ضلع پیون میں بطور سب انسپکٹر تعینات سومناتھ زینڈے کو آن لائن گیمنگ ’ڈریم 11‘ سے ڈیڑھ کروڑ روپے جیتنے کے بعد ملازمت سے معطل کردیا گیا۔
حکام نے کہا کہ سب انسپکٹر کو پولیس کوڈ آف کنڈٹ کی خلاف ورزی پر معطل کردیا گیا ہے۔
تاہم پولیس افسر نے الزامات مسترد کر دیے اور وہ محکمہ جاتی کارروائی کا سامنا کریں گے۔
ضلع پیون کے علاقے پمپری چنچواد میں محکمہ پولیس نے بتایا کہ پولیس افسر کو بغیر اجازت کے گیم کھیلنے اور پولیس کی وردی میں میڈیا کو انٹرویو دینے پر معطل کیا گیا ہے۔
تاہم سومناتھ زینڈے نے کہا کہ ان کے ساتھ غیرمنصفانہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔
پولیس افسر نے کہا کہ گزشتہ مہینے سے انہوں نے ڈریم 11 پر گیم کھیلنا شروع کیا تھا اور یکم اکتوبر کو گیم جیتنے کے بعد انہوں نے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم جیتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ڈریم 11 نے خود کو ’گیم آف اسکل‘ قرار دیا ہے اور اپنی ویب سائٹ پر سپریم کورٹ کے 2021 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے پلیٹ فارم کو ملک کے جوئے کے قانون سے استثنیٰ حاصل ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں گیمبلنگ غیر قانونی ہے لیکن انڈسٹری کے چند لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ گیمنگ ’آن لائن اسکل بیسڈ گیمنگ‘ سے مختلف ہے۔
گیم کی ایپلی کیشن کے برانڈ ایمبسڈر معروف کھلاڑی ایم ایس دھونی ہیں جبکہ عامر خان جیسے بھارتی اداکار اس کے پروموز میں شامل ہیں۔
پولیس افسر سومناتھ زینڈے نے بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے وقت گیم کھیلتے ہوئے یہ رقم جیتی۔
رپورٹ کے مطابق اپنی جیت کے بعد پولیس افسر کو وردی کے ساتھ میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے دیکھا گیا۔
حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن امولڈ تھورٹ نے وزیراعلیٰ اور ڈپٹی وزیر کو خط لکھ کر پولیس افسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
امولڈ تھورٹ نے سومناتھ زینڈے پر ڈیوٹی پر معمور ہوتے وقت گیم کھیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے ’ملازمت میں غفلت‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سومناتھ زینڈے کی وردی میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس سے ریاستی پولیس فورس کے بارے میں غلط پیغام جا رہا ہے۔
تاہم پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے ڈیوٹی کے دوران گیم نہیں کھیلی اور گیم کھیلنے والے وہ اکیلے پولیس افسر نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ یہ گیم کھیلتے ہیں، یہ ایک کھیل ہے جو گھنٹوں تک کھیلا جاتا ہے، یہ کوئی جوا نہیں ہے لیکن پھر بھی مجھے سزا دی گئی ہے۔
سومناتھ زینڈے نے مزید کہا کہ انہوں نے جیتی ہوئی رقم سے ہاؤسنگ قرض ادا کرنے اور بچوں کے نام پر بند اکاؤنٹ کھولنے کا ارادہ کیا ہے۔
محکمانہ انکوائری میں سومناتھ زینڈے کو اپنا کیس پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔
ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ محکمہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گا۔
بشکریہ :ڈان نیوز