اپنی نوعیت کا پہلا کثیر لسانی 7 روزہ قومی تھیٹر فیسٹول 2023 اختتام پزیر 0

اپنی نوعیت کا پہلا کثیر لسانی 7 روزہ قومی تھیٹر فیسٹول 2023 اختتام پزیر

فیسٹول میں جموں و کشمیر اور ملک کی دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے فنکاروں نے کیا اپنی فنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ

سرینگر/ندائے کشمیر/ شافیہ گلفام

ٹائیگورہال سرینگر میں اپنی نوعیت کا پہلا 7 روزہ قومی تھیٹر فیسٹول 2023 آج اختتام پذیر ہوا۔اس تھیٹر فیسٹول میں جموں و کشمیر سمیت ملک کی دیگر ریاستوں جن میں لکھم پور آسام۔ جے پور راجستھان اور لکھنؤ یوپی قابل ذکر ہیں سے آئے ہوئے فنکاروں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے اس میلے کو کامیاب بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ فیسٹول کا اہتمام کشمیر پرفارمرس کولیکٹیو اور منظور میرز اکیڈیمی آف آرٹ “MMAA” نے جے اینڈ کے اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز اور نارتھ زون کلچرل سینٹر “NZCC”پٹیالہ پنجاب کے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔فیسٹول کے آخری روز وومید رنگ مچ جموں کشمیر کے فنکاروں نے راکیش روشن بٹ کا تحریر کردہ اور روہت بٹ کی ہدایت میں ہندی اسٹیج ڈرامہ” مجرم میں نہیں پر میں ہی ہوں” پیش کرکے حاضرین سے داد حاصل کی۔فیسٹول کی اختتامی تقریب میں معروف ادیب۔ قلم کار اور ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ مہمان خصوصی جبکہ کلچرل اکیڈیمی کے انچارج صوبہ کش ڈاکٹر انور مرزا۔ معروف براڈکاسٹر اور ادیب ستیش ومل اور معروف فلم ساز اور اداکار ڈاکٹر عیاش عارف مہمانان زی وقار کی حیثیت سے شریک ہوئے۔واضح رہے کہ اس 7 روزہ قومی تھیٹر فیسٹول میں مختلف زبانوں پر مبنی 7 ڈرامے پیش کئے گئے۔فیسٹول ڈاریکٹر منظور احمد میر نے اس 7 روزہ قومی تھیٹر فیسٹول کو کامیاب بنانے کے لئے جموں و کشمیر اور ملک کی دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے فنکاروں کے ساتھ ساتھ مہمانوں اور ڈرامہ شائقین کا شکریہ ادا کیا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہےکہ 7 روزہ اس ڈامہ فیسٹول کی میزبانی معروف براڈکاسٹر اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر کے اناؤنسر رشید نظامی کررہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں