پولیس اپنی سطح پر 18جولائی انکائونٹر کی تحقیقات کررہی ہے :ڈی جی پی
سرینگر؍20 ،اگست ؍؍ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ،دلباغ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ شوپیان مبینہ فرضی انکائونٹر کی پولیس اپنی سطح پر تحقیقات کررہی ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ہندوارہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کے سوالات کے جوابات میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ،دلباغ سنگھ نے کہا کہ شوپیان امشی پورہ مبینہ انکائونٹر کی تحقیقات ٹھیک سمت جارہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس بھی اپنی سطح پر امشی پورہ شوپیان میں18جولائی کو ہوئی تصادم آرائی کی تحقیقات کررہی ہے۔ان کا کہناتھا کہ اس جھڑپ کو لیکر بعض شک وشبہات ہیں اور میڈیا میں بھی اس حوالے سے کئی بیانات سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فوج نے فوری طور پر اس کا نوٹس لیا اور اپنی سطح پر کورٹ آف انکوائری شروع کی ۔ان کا کہناتھا کہ راجوری کے جن کنبوں کے بچے لاپتہ ہوگئے ہیں ،اُنکے بیانات بھی قلمبند کئے ۔ان کا کہناتھا’راجوری کے تین لاپتہ نوجوانوں کے افراد خانہ کو بیانات قلمبند کر نے کیلئے بلایا گیا ،کہ کب ،کیسے اور کہاں سے اُنکے بچے لاپتہ ہوگئے ۔ یاد رہے کہ فوج اس انکائونٹر کی اعلیٰ سطحی کورٹ آف انکوائری کررہی ہے جبکہ شہری گواہوں کو 10روز کے اندر اندر پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے ۔اس حوالے سے مقامی اخبارات میں فوج کی جانب سے ایک اشتہار بھی شائع کرایا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ ایک گیزیٹیڈ افیسر کی سربراہی میں پولیس اپنی سطح پر علیحدہ طور تحقیقات کررہی ہے جبکہ تحقیقاتی عمل جاری ہے ۔ان کا کہناتھا ’ہم نے پہلے ڈی این اے نمونے حاصل کئے ہیں ،میں یقین دلانا چاہتا ہوں ،شوپیان انکائونٹر کی منصفانہ اور آزادانہ تحقیقات کی جائیگی ‘۔کے این ایس
