105

چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کوہائی الرٹ رہنے کی سخت ہدایات / فوجی چیف

لداخ میں لڑاکا طیارے رات کے دوران سرحدوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ نائب ائر چیف نے لداخ میں فوجی تیاریوں کا جائزہ لیا

سرینگر08//اگست//چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انڈین ائر فورس اور فوج کو چوبیس گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فوجی سربراہ نے سینئر کمانڈروں کو ہدایت دی ہے کہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر اچانک فوج کو متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ لداخ ، سکم ، اُترا کھنڈ اور ارونا چل پردیش میں حقیقی کنٹرول لائن پر تعینات افواج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیوٹیوں کے دوران الرٹ رہے کیونکہ دشمن کی جانب سے شرارت ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ ایم ایم نروانے نے سبھی سینئر کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ وہاں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کی ضرورت ہے۔ذرائع نے بتایا کہ چین کی جانب سے آئے روز حقیقی کنٹرول لائن پر بھارتی حدود میں داخل ہونے کا مرکزی حکومت نے سخت نوٹس لیا ہے اور آفیسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اینٹ کا جواب پتھر سے دے۔ ذرائع نے بتایا کہ پچھلے تین ہفتوں سے فوجی چیف لداخ میں تعینات سینئر کمانڈروں کے ساتھ میٹنگیں کر رہے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ فوجی چیف کو چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر جانکاری فراہم کی جارہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی خاطر فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لداخ میں چینی لبریشن آرمی کی جانب سے بھارتی حدود میں گھس آنے کے بعد اگر چہ بات چیت کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے اور کئی سیکٹروں میں چینی افواج واپس اپنے حدود میں جا چکے ہیں تاہم فوجی چیف کا ماننا ہے کہ ابھی بھی خطرہ برقرار ہے کیونکہ چین پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ بھارت نے سفارتی محاز پر بھی چین کو صاف پیغام دیا ہے کہ بھارتی حدود میں چینی افواج کی دراندازی ناقابل برداشت ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈین ائر فورس کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور آفیسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چوبیس گھنٹے حالات پر نظر گزر بنائے رکھے تاکہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت ہی انڈین ائر فورس کے نائب ائر مارشل ان دنوں لداخ کے دورے پر ہیں اور وہ وہاں پر آفیسران کے ساتھ میٹنگیں کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نائب ائر مارشل نے لداخ میں ائر فورس کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس دوران اُنہیں بتایا گیا کہ ائر فورسز کے اہلکار کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق نائب ائر چیف مارشل ایچ ایس ارورا نے لداخ میں کئی ائر فورسز اسٹیشنوں کا جائزہ لیا اور وہاں پر ائر فورس کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی۔ معلوم ہوا ہے کہ انڈین ائر فورس کے اہلکار لداخ کے شمال مشرقی علاقوں میں رات کے دوران پیٹرولنگ کر رہے ہیں تاکہ دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق اپاجی اور دوسرے جنگی لڑاکا طیارے دن رات لداخ میں سرحدوں کی صورتحال پر نظر گزر رکھ رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ بری اور بحری فوج کو لداخ میں تمام تر سازو سامان سے لیس کیا گیا ہے اور اگر کوئی ناخوشگوار واقع پیش آیا تو فوری طورپر کارروائی کی جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں