نیپال اور پنجاب کے راستے جموں وکشمیرمیں غیر ملکی ملی ٹنٹ بھیجنے کی پاکستانی کوشش 0

پڑوسی ملک جموں و کشمیر میں امن وامان کی بحالی سے مایوس:آرمی کمانڈر

دراندازی کی کوششیں جاری ،بیشتر درانداز سرحدپربے اثر،کوششیں ناکام

سری نگر:۱۱،ستمبر: : یہ بتاتے ہوئے کہ پڑوسی ملک جموں و کشمیر میں امن کی بحالی سے مایوس ہے،فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے پیر کو کہا کہ اس سال اب تک 37 غیر ملکیوں سمیت 46 دہشت گردوں کو ہلاک کیاگیاہے۔جے کے این ایس کے مطابق آرمی کمانڈر نے آئی آئی ٹی جموں میں3 روزہ نارتھ ٹیک سمپوزیم کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس سال پورے خطے میں مختلف کارروائیوں میں جتنے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، غیر ملکی دہشت گردوں کی تعداد مقامی لوگوں سے4 گنا زیادہ تھی۔انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم اسے کبھی نہیں ہونے دیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے مزید کہا کہ پچھلے9 مہینوں میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 46 ہے اور ان میں سے9 مقامی اور 37 غیر ملکی تھے۔انہوںنے کہاکہ ان میں سے29 دہشت گرد پیر پنچال کے جنوب میں مارے گئے ہیں۔فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر نے کہا کہ شمالی کمان نہ صرف لائن آف کنٹرولLOC بلکہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (LAC) کی بھی حفاظت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اَپ گریڈ ٹیکنالوجی کی شمولیت سے ہندوستانی فوج کو فائدہ ہوگا اور مسلح افواج میں مزید اضافہ ہوگا۔جنرل دویدی کاکہناتھاکہ جہاں تک سرحد کے ساتھ حالات کا تعلق ہے، شمالی کمان ہمیشہ آپریشنل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستانی فوج ایل اے سی اور ایل او سی کے ساتھ24X7 چوکسی برقرار رکھے ہوئے ہے۔انہوںنے کہاکہ ساتھ ہی اور آپریشنز کی وجہ سے جموں و کشمیر میں امن بحال ہو رہا ہے۔راجوری اور پونچھ اضلاع میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات پر، لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے کہاکہ جہاں بھی امن لوٹتا ہے، پاکستان اسے خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوںنے کہاکہپاکستان کی اندرونی طور پر بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود، غیر ملکی دہشت گردوں کو ہندوستانی علاقے میں دھکیلا جا رہا ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں مقامی دہشت گرد اور پڑوسی کی حمایت تقریباً صفر ہے اور اس خطے کے شہری دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کامزید کہناتھاکہ چونکہ تعیناتی اور ٹیکنالوجی کافی حد تک بدل چکی ہے، دہشت گرد دراندازی کی کوشش کر رہے ہیں۔آرمی کمانڈر نے کہاکہ دراندازوں کوسرحد پر بے اثر کیا جا رہا ہے اور کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنایا جا رہا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ جموں اور کشمیر میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کے تمام اعلی کمانڈروں کو ختم کر دیا گیا ہے، جس نے پاکستان کو مایوس کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں