غیر سیاسی رہیں، اپنے کام سے کام رکھیںـ:غلام حسن میر
سری نگر8اگست/جموں وکشمیر اپنی پارٹی سنیئرلیڈر اور سابقہ وزیر غلام حسن میر نے مرکزی زیرِ انتظام جموں وکشمیر کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم کی طرف سے کئے گئے سیاسی تبصرے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ایک بیان میں میر نے کہاکہ چیف سیکریٹری کی طرف سے کیاگیا تبصرہ سروس رولز کی خلاف ورزی کے مترادف ہے اور یہ قانونی واخلاقی طور پر غیر ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام سرکاری ملازمین بشمول بیوروکریٹس کو غیرسیاسی طور پر رہ کر لوگوں کو منصفانہ انتظامیہ فراہم کرنا ہوتا ہے جس کی پورے جموں وکشمیر میں کمی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ چیف سیکریٹری درجے کا ایک افسر لگتا ہے کہ سروس کنڈیکٹ رولز بول گیا ہے جس کے تحت ملازمین کو سیاسی معاملات پر بات چیت نہیں کرنی چاہئے اور بجائے اِس کے زمینی سطح پر انتظامیہ کے اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے۔
