تمدنی اور ثقافتی پرگراموں سے سکولی بچے لطف اندوز ہوئے
سرینگر/ندائے کشمیر/جمیل انصاری/
جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے جاری ثقافتی میلہ سیریز کے تحت آج آرمی گُڑوِل اسکول بلپورہ شوپیاں میں ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ میلہ آنے والے مہینوں میں کشمیر ڈویژن کے تمام اضلاع میں منعقد ہونے والے میلوں کی سیریز کا آٹھواں ثقافتی میلہ تھا۔ اس ثقافتی میلہ میں فن اور ثقافت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی طرف سے مختلف تمدنی اورثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔تقریب کے آغاز میں کلچرل اکیڈیمی کے ایڈیٹر ڈاکٹر سید افتخار احمد نے مہمانوں ، فنکاروں،طلباء و طالبات ، مقامی باشندوں اور حاظرین کا استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے استقبالیہ میں کہا کہ کشمیر کے فن و ثقافت کو فروغ دینے کے لئے کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور یہ میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ آرمی کرنل راجپوت ریجمنٹ شوپیان منیش دَیّا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب پر موجود تھے۔ ان کے علاوہ چیف ایجوکیشن آفیسر شوپیان مشتاق احمد، ڈی ایس پی شوپیان کُنزِس ڈولما اور گُڑوِل اسکول بالپورہ کے پرنسپل ریاض احمد اور کلچرل اکیڈیمی کے شعبہ عربی کے چیف ایڈیٹر شفیق الرحمٰن بھی ایوان صدارت میں تشریف فرماتھے اور ثقافتی میلے کا مشاہدہ کررہے تھے۔ پرنسپل آرمی گڈول اسکول بلپورہ نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلچرل اکیڈیمی ہمارے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے میں جو رول اداکررہی ہے وہ قابلِ سراہنا ہے۔ آج کے ثقافتی میلے کا آغاز کشمیری روف سے ہوا جسے نشاط فاونڈیشن کی بچیوں نے پیش کیا۔ اسکے بعدفاروق احمد بٹ،محمد یاسین بٹ،اعجاز احمد گنڈپوری، فیروز احمد شاہ اورفیروز احمد تیلی نے سازینہ سے سماں باندھا۔ میلے میں اسد انجم اوریاسر نورانی نے کشمیری نغمے پیش کئے۔ تقریب پر منظور الحق واتھوری اور انکے ہمنوا نے سُرنائی وادن پیش کیا۔ ضلع شوپیاں کے معروف کشمیری قوال اطہر بلپوری اور اُن کے ساتھیوں نے قوالیاں پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ نیشنل بانڈ تھیٹر واتھورہ نے روایتی بانڈ پاتھر پیش کرکے حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی۔ تقریب پر بشیر احمد شاہ بٹہ مُرنی، غلام محمد بلپوری اور ساتھیوں نے بچہ نغمہ پیش کیا۔ ثقافتی میلے میں ایک ہی مال کلچرل سوسائٹی بلپورہ نے ڈراما پیش کرکے حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی۔ اس تمدنی پروگرام میں GUP اسکول بالپورہ اور آرمی گڈول سکول بالپورہ کے بچوں نے تمدنی پروگرام پیش کئے۔ تقریب کی نظامت فرائض معروف براڈ کاسٹر رشید نظامی نے انجام دئے جبکہ ایڈیٹر انسائیکلوپیڈیا کشمیریانہ ڈاکٹر شبنم رفیق نے مہمانوں، مقامی باشندوں اور طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔تقریب پر اور شخصیات کے علاوہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر، جمیل انصاری، اشفاق احمد اورگُرمیت سنگھ موجود تھے۔