کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے سوپور میں حسینی مشاعرے کا انعقاد 0

کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے سوپور میں حسینی مشاعرے کا انعقاد

مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سرکردہ شعرا ء نے مشاعرے میں شرکت کی
ندائے کشمیر//
سرینگر/۲۶؍ اگست/جمیل انصاری/ جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے آج بائز ہائر سیکنڈری سکول سوپور میں ایک عظیم الشان حُسینی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرے کی صدارت معروف ادیب ، شاعر اور قلمکار سید سعد الدین سعدی نے کی جبکہ شہناز رشید اور شبیر احمد شبیر بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے۔حسینی مشاعرے کے آغاز میں لیکچرار مشتاق احمد بٹ نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا۔ کلچرل اکیڈیمی کے ریسرچ اسسٹنٹ مقبول ساجد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ہونے جارہے ادبی اور ثقافتی پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی۔ پرنسپل بائز ہائر سیکنڈری سکول سوپور مشتاق سوپوری نے اپنے خطاب میں کلچرل اکیڈیمی کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں کلچرل اکیڈیمی اس نوعیت کے دوسرے پروگرام بھی اسی ہائر سیکنڈری میں آراستہ کرے گی اور ہمارے اِدارے کاکیڈیمی کے تئیں بھرپور تعاون ہوگا۔انہوں نے اپنے خطاب میںمہمانوں اور کلچرل اکیڈیمی کا بھی شکریہ پیش کیا۔حسینی مشاعرے میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سرکردہ شعراء نے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُنکے جانثاروں کو منظوم خراج پیش کیا۔ مشاعرے میں جن شعراء نے حصہ لیا اُن میں سید سعد الدین سعدی، شہناز رشید، شبیر احمد شبیر، تنہا نظامی، مشتاق سوپوری، نور الدین ہوش، ضمیر انصاری، رشید کانسپوری، شاہد دلنوی، شیر علی مشغول، شبنم تلگامی، سید رشید جوہر، سلیم یوسف، اسد اللہ صفوی، دلشاد مصطفی، سید سرور ہاشمی، نزیر احمد نذیر، شبنم گلزار، جاوید اقبال ماوری، ابراہیم منتظر، میر شہنواز قابل ذکر ہیں۔حسینی مشاعرے کی نظامت کے فرائض کلچرل اکیڈیمی کے ریسرچ اسسٹنٹ مقبول ساجد نے انجام دئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں