گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نیوا پلوامہ میں کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ثقافتی میلہ 0

گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول نیوا پلوامہ میں کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ثقافتی میلہ

میلے میں رنگا رنگ تمدنی اور ثقافتی پروگرام پیش کئے

سرینگر/ندائے کشمیر/جمیل انصاری/

جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے جاری ثقافتی میلہ سیریز کے تحت آج گورنمنٹ ہائراسکنڈری اسکول نیوا پلوامہ میں ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ میلہ آنے والے مہینوں میں کشمیر ڈویڑن کے تمام اضلاع میں منعقد ہونے والے میلوں کی سیریز کا پانچواں ثقافتی میلہ تھا۔ اس ثقافتی میلہ میں فن اور ثقافت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی طرف سے مختلف تمدنی اورثقافتی اور رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے۔تقریب کے آغاز میں سیکریٹری اکیڈیمی بھارت سنگھ مہناس نے مہمانوں ، فنکاروں، طلباء اور حاظرین کا استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے استقبالیہ میں کہا کہ کشمیر کے فن و ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور یہ میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔تقریب پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پلوامہ ڈاکٹر شیخ عبدالعزیز خاص مہمان کی حیثیت سے تشریف فرما تھے اورثقافتی میلے کا مشاہدہ کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلچرل اکیڈیمی ہمارے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے میں کلیدی رول اداکررہی ہے۔ ثقافتی میلے میں مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ عبدالقیوم ندوی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کلچرل اکیڈیمی کو ایسے پروگرام منعقد کرانے پر سراہنا کی۔ آج کے ثقافتی میلے کا آغاز کشمیری روف سے ہوا جسے سونزل کلچرل گروپ سرینگر نے پیش کیا۔ اسکے بعد منظور الحق اور ساتھیوں نے سازینہ سے سماں باندھا۔ زاہدہ ترنم، مسرت عزیز اور نصرت عزیز نے نغمے پیش کئے۔ صوفی برادران نے قوالیاں پیش کرکے حاضرین کو محضوظ کیا۔ ناصر احمد بٹ، نذیر احمد بٹ اور ان کے ہمنواوں نے بچہ نغمہ پیش کرکے حاظرین سے داد حاصل کی۔ اس میلے میں ایک مختصرمشاعرہ بھی پیش ہوا جسمیں فیاض دلگیر، شبنم فیاض، اور ڈاکٹر مشتاق پلوامی نے شرکت کی۔اس ثقافتی میلے کے اختتام پر کشمیر کلچرل سوسائٹی سرینگر نے سیٹھ رفیع کا تحریر کردہ مزاحیہ ڈراما’’ اسی گیہِ لسی ڈار‘‘ پیش کیا۔ تقریب کی نظامت فرائض معروف براڈکاسٹر رشید نظامی نے انجام دئے جبکہ ایڈیٹر انسائیکلوپیڈیا کشمیریانہ ڈاکٹر سید افتخار نے مہمانوں، مقامی باشندوں اور طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔تقریب پر اور شخصیات کے علاوہ ڈاکٹر شبنم رفیق ، جمیل انصاری، اشفاق احمد، عمران احمد، گُرمیت سنگھ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں