جنگجو فورسز کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ، علاقے کا محاصرہ ختم
سرینگر /21اگست /جنوبی ضلع پلوامہ کے لرو پاریگام علاقے میں فوج و فورسز کے ساتھ مختصر جھڑپ کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیا ب ہو گئے جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن ختم کر دیا گیا ۔ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا جس کی اسپتال میں حالت مستحکم بنی ہوئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پلوامہ کے لرو پاری گام علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج و فورسز نے اتوار کی شام علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کر دی ۔ جونہی علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تو وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے فرار ہونے کی کوشش میں ہے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی فورسز نے علاقے کو سیل کیا اور فوج کی مزید کمک طلب کر لی ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران پورے علاقے میں سیکورٹی تعینات کی گئی اور جنگجوئوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا تاہم ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں خاموشی چھا گئی جس کے بعد ااندھیرا چھا جانے کے پیش نظر علاقے میں روشنی کے آلات نصب کئے گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی علاقے میں خاموشی چھا جانے کے بعد اگرچہ سیکورٹی فورسز نے کئی گھنٹوں تک علاقے میں تلاشی آپریشن چلا یا تاہم کہیں سے دوبارہ سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے مابین آمنا سامنا نہیںہوا جس کے بعد معلوم ہوا ہے کہ جنگجو ابتدائی فائرنگ کے ساتھ ہی فرار ہونے میںکامیاب ہو گئے ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیا جس کے بعد اس کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر افسر نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن چلا گیا گیا جس دوران علاقے میں فائرنگ واقعہ پیش آیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں اگرچہ کئی گھنٹوں تک تلاشی آپریشن جاری تھا تاہم ملی ٹنٹوں کے ساتھ دوبارہ آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد تلاشی آپریشن ختم کیا گیا ۔