کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ہائیرسیکنڈری اسکول چندی لورہ میں ثقافتی میلہ 0

کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے ہائیرسیکنڈری اسکول چندی لورہ میں ثقافتی میلہ

میلے میں نوجوان گلوکاروں نے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کئے

سرینگر/ندائے کشمیر/جمیل انصاری/

جموں اینڈ کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے گورنمنٹ ہائراسکنڈری اسکول چندی لورہ ٹنگمرگ میں ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ میلہ آنے والے مہینوں میں کشمیر ڈویژن کے تمام اضلاع میں منعقد ہونے والے میلوں کی سیریز کا چوتھا ثقافتی میلہ تھا ۔ اس ثقافتی میلہ میں فن اور ثقافت کے مختلف شعبوںسے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی طرف سے مختلف ثقافتی اور رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے ۔تقریب کے آغاز میں سیکریٹری اکیڈیمی بھارت سنگھ مہناس نے مہمانوں ، فنکاروں اور طلباء کا استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے استقبالیہ میں کہا کہ کشمیر کے فن و ثقافت کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور یہ میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔تقریب پر ماسٹر محمد صادق نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر تقریب پر خاص مہمان کی حیثیت سے تشریف فرما تھے اورثقافتی میلے کا مشاہدہ کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلچرل اکیڈیمی ہمارے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے میں کلیدی رول اداکررہی ہے۔ ثقافتی میلے میں شفیع سوپوری اور اُن کے ساتھیوں نے اپنے منفرد انداز میں قوالیاں پیش کیں اور اپنے فن سے حاضرین کومسرور کیا۔اس کے علاوہ شازیہ حمید، عادل منظور شاہ، سہیل فیاض شلوتی نے موسیقی کے رنگارنگ پروگرام پیش کئے۔ ثقافتی میلہ میںمحمد کمال اور ساتھیوں نے سُرنائی وادن پیش سے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا۔دمبالی ڈانس تھیٹر لال بب صاحب نے کشمیری فوک ڈانس کا مظاہرہ کیا۔علاوہ ازیںلوٹس کلچرل گروپ نے کشمیری روف پیش کیا۔تقریب پر ایک مختصر مشاعرے کا بھی انعقاد کیا گیا۔مشاعرے میں جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا اُن میں محمد عظیم خان، توصیف رضا، غلام حسن درویش، محبوب بلال، بشیر احمد اُویسی، اورامین اشرف قابلِ ذکر ہیں۔ پروگرام کی آخری نشست میں روشن آرٹ سنٹر ٹنگمرگ نے’’ تلہ کراے‘‘ ڈرامہ پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول چندی لورہ ظفر اقبال لون نے سیکریٹری اکیڈیمی، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر اور طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آئیندہ بھی کلچرل اکیڈیمی ایسے پروگرام ٹنگمرگ میں منعقد کرے گی۔ تقریب پرڈپٹی سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی شکیل الرحمان، انچارج پروگرام ڈاکٹر سید افتخار احمد، ڈاکٹر شبنم رفیق، ڈاکٹر گلزار احمد راتھر،اشفاق احمد، جمیل انصاری، گُرمیت سنگھ کے علاوہ سینکڑوں طلباء و طالبات موجود تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض شاہین مہاجن نے انجام دیئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں