تعلیمی ادارے بالخصوص اسکول تاحکم ثانی بند
سری نگر:۹۱، جولائی: :ٍ حکام نے منگل کی شام سے جاری شدیدبارشوں کے نتیجے میں دریاؤں اورندی نالوںمیں پانی کی سطح تیزی کیساتھ بڑھ جانے اور ممکنہ طور پر مٹی کے تودے وغیرہ گرآنے کے خدشے کے پیش نظر جموں صوبے کے کم سے کم 5 اضلاع ڈوڈہ ،کشتواڑ،رام بن ،راجوری اور کٹھوعہ میں تعلیمی اداروں بالخصوص اسکولوںکو بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔جے کے این ایس کے مطابق متذکرہ بالا اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور چیف ایجوکیشن افسروںنے الگ الگ بیانات جاری کرکے اسکولوںکے سربراہان کویہ ہدایت دی کہ وہ زیرتعلیم طلباءاور طالبات کی حفاظت اورسلامتی کویقینی بنانے کیلئے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کو بندرکھیں ،اوراگرکسی بھی اسکول میں طلبہ موجودہیں تواُن کو بحفاظت گھروں تک پہنچانے کاانتظام کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنروں اوردیگرحکام نے کہاہے کہ طلباءاور طالبات کو بروقت مطلع کیا جائے کہ اسکول بندہیں تاکہ وہ گھروں سے اسکول جانے کیلئے نہ نکلیں ۔حکام نے مزید کہاکہ اسکول بندرکھنے کے احکامات بدھ19جولائی کیلئے جاری کئے گئے ہیں ،اور آئندہ کافیصلہ موسمی صورتحال کوملحوظ نظررکھ کرہی لیا جائے گا۔