مختلف حادثات رونما،8افراد کی ہلاکت کااندیشہ،5افراد کی نعشیں برآمد
لیفٹنٹ گورنر کااظہاررنج وغم، سوگوار خاندانوں کو مدد اورزخمیوں کو علاج فراہم کرنے کا حکم
سری نگر:۹۱، جولائی//کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقے میں شدید بارش کے بعد2مکانات گرنے سے 3 افراد کی موت ہو گئی اور2 دیگر کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوں اور سرکاری ذرائع نے بدھ کو بتایاکہ ضلع کٹھوعہ کے علاقے بنی کے سرجن موڑہ ارود بلاک میں مشتاق احمد اور عبدالقیوم کے2رہائشی مکانات شدید بارش کی وجہ سے گر گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں سمیت5 افراد ان گھروں کے نیچے دب گئے۔ذرائع نے بتایاکہ ملبے تلے دبے 3افراد بشمول محمد عارف ولد عبدالقیوم کی نعشیں برآمد کی گئی ۔ پولیس اور مقامی رضاکاروں نے بچاؤ کارروائی میں حصہ لیا ۔اوروہ باقی افراد کی تلاش کررہے ہیں ۔ایس ایس پی کٹھوعہ شیودیپ سنگھ جموال نے ملبے سے لاشوں کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بڑے پیمانے پر بچاو ¿ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ2 دیگر افراد کی ہلاکت کا بھی خدشہ ہے،کیونکہ وہ بھی مکانات کے ملبے تلے دب گئے ۔دریں اثنا، ایک خاتون جس کی شناخت نسیمہ بیگم زوجہ محمد رفیق کی مانڈھوٹہ تحصیل بنی کے طور پر ہوئی ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاک ہو گئی۔ حکام نے مزید کہا کہ اس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ساتویں جماعت کے طالب علم اجے سنگھ ولد مرحوم موہنیر سنگھ ساکنہ سیٹی تحصیل کی لاش اس کی رہائش گاہ کے قریب بنی میں ایک اور مٹی کے تودے کے ملبے سے برآمد ہوئی ہے۔اس کے علاوہ، ایک شخص شام لال ولد تارا چند جو بنی کی تحصیل بھولاری میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دب گیا اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ایس ڈی ایم بنی ستیش کمار نے بتایا کہ دوسرے علاقوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات ہیں اور امدادی ٹیموں اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ادھر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے بنی کٹھوعہ میں مکان گرنے سے جانی نقصان پر غم کا اظہار کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقے میں شدید بارش کے نتیجے میں مکانات کے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ میں ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ایک تعزیتی پیغام میں، لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ میں کٹھوعہ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے پیش آنے والے المناک واقعہ کے بارے میں جان کر بہت افسردہ ہوں، جس میں متعدد افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں اور کئی دیگر کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ فی الحال ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سوگوار خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، جنہوں نے اپنے قریبی عزیزوں کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جائے۔