ہڈیاں مضبوط کرنے والی غذائیں 0

ہڈیاں مضبوط کرنے والی غذائیں

ہڈیاں مضبوط ہوں گی تو ہم مضبوط ہوں گے ہم مضبوط تو پاکستان مضبوط ہو گا

آسٹیوپوروسس جسے عام فہم زبان میں ہڈیوں کا بھربھرا پن کہتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ ہڈیاں اتنی کمزور ہو جاتی ہیں کہ اگر کوئی انسان پاؤں سلپ ہونے سے گر جائے تو ہڈی فریکچر ہو جائے گی۔ہمارے پاس زیادہ تر مریض ہڈیوں کے فریکچر کے ساتھ آتے ہیں یہ زیادہ تر خواتین کو ہوتا ہے خاص طور پر جن کی ماہواری بند ہوتی ہے اور عمر پینتالیس سے پچاس سال کے درمیان ہوتی ہے،اس عمر میں ہڈیاں بہت تیزی سے کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ مرد جن کی عمر ساٹھ سال یا اس سے زیادہ ہو ان میں یہ چانسز زیادہ ہوتے ہیں۔یہ بیماری ان لوگوں میں بھی عام ہے جو مختلف قسم کی ادویات استعمال کرتے ہیں اس میں پہلے نمبر پر سٹیرائڈز آتے ہیں،بہت سے لوگ حکیموں کی ادویات استعمال کرتے ہیں ان میں سٹیرائڈز ہوتے ہیں،کچھ ڈاکٹر بھی سٹیرائڈز دیتے ہیں،کچھ لوگ مجبوری کی وجہ سے سٹیرائڈز استعمال کرتے ہیں جیسے گنٹھیا،سانس اور جلد کی تکلیف سٹیرائڈز ہڈیوں کو بہت زیادہ کمزور کر دیتے ہیں۔
جو لوگ سٹیرائڈز،مرگی یا خون پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرتے ہیں انہیں چاہیے کہ ہڈیوں کی طرف خصوصی توجہ دیں تاکہ ہڈیوں کا بھربھرا پن نہ شروع ہو جائے اور وہ کمزور ہو کر ٹوٹنا نہ شروع ہو جائیں۔ہماری نوجوان نسل سافٹ ڈرنکس بہت زیادہ لیتی ہے جو ہڈیوں،دانتوں اور معدے کو بہت زیادہ خراب کرتے ہیں۔سافٹ ڈرنکس کی بجائے لسی،دودھ اور صحت مند غذا استعمال کریں۔
جن لوگوں کو آسٹیوپوروسس ہو اس کیلئے مختلف قسم کے ٹیسٹ ہوتے ہیں،ہڈی کا فریکچر ہونا بھی اس بات کی علامت ہوتی ہے کہ ہڈیاں کمزور ہو گئی ہیں۔اس میں تین چیزیں بہت اہم ہیں۔ہماری خوراک متوازن اور اچھی ہونی چاہیے۔چاول،روٹی اور میٹھا صحت کے لئے نقصان دہ ہے،صحت مند غذا میں کاربوہائیڈریٹس کے علاوہ پروٹین بھی ضروری ہے جس میں گوشت اور مچھلی شامل ہے۔
انڈا بھی ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے ضروری ہے جس میں فاسفورس،کیلشیم،وٹامن ڈی اور پروٹین ہوتی ہے ہر بندے کو کم از کم ایک انڈا روز کھانا چاہیے۔بچوں کو کم از کم دو انڈے کھانے چاہئیں کیونکہ ان کی ہڈیاں Grow کر رہی ہوتی ہیں۔
غذا میں دودھ ضرور شامل ہونا چاہیے جو ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے بہت ضروری ہے۔دودھ نہیں لے سکتے تو دہی لیں دہی بھی نہیں لے سکتے تو لسی لیں،پنیر بھی کیلشیم کا بہت اچھا ذریعہ ہے۔
وٹامن ڈی بھی ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے بہت ضروری ہے جو آپ دھوپ سے لے سکتے ہیں اگر نہیں تو وٹامن ڈی کی گولیاں،کیپسول اور انجیکشن دستیاب ہیں جو ہر پندرہ دن یا ایک مہینے بعد لے سکتے ہیں جن میں وٹامن ڈی کی زیادہ کمی ہو وہ ہر ہفتے بھی لے سکتے ہیں۔ہماری ہڈیاں جتنی مضبوط ہوں گی ہمارا جسم اتنا ہی مضبوط ہو گا۔ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے اچھی خوراک کے ساتھ ساتھ ایکسرسائز بھی ضروری ہے۔
واک کرنے سے ٹانگیں مضبوط ہوں گی بلڈ پریشر اور شوگر کنٹرول ہو گی لیکن کمر اور بازو کی ہڈیاں ایکسرسائز سے مضبوط ہوں گی جس کے لئے جم جوائن کر لیں یا گھر کے اندر چھوٹی چھوٹی ایکسرسائز کر لیں۔جب ہڈیوں میں بھربھرا پن آ جاتا ہے تو ڈاکٹر سے ملیں اس کی میڈیسن موجود ہے۔نوجوان نسل کو سب سے زیادہ اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ہڈیاں ٹوٹنے سے پہلے ہمیں اس کا علاج شروع کر دینا چاہیے،ہڈیاں مضبوط ہوں گی تو ہم مضبوط ہوں گے ہم مضبوط تو پاکستان مضبوط ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں