چین میں بچوں کے سکول میں چاقو حملہ تین بچوں سمیت چھ افراد ہلاک 0

چین میں بچوں کے سکول میں چاقو حملہ، تین بچوں سمیت چھ افراد ہلاک

چین کے جنوب مشرقی صوبے گوانگ ژونگ میں چھوٹے بچوں کے ایک سکول میں چاقو حملے کی ایک واردات میں تین بچوں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔پولیس نے کہا ہے انھوں نے اس معاملے میں لیان جیانگ قصبے سے وو نام کے ایک 25 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے شہر کے ایک مقامی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ بچوں کے علاوہ ديگر مرنے والوں میں ایک استاد اور دو والدین شامل ہیں۔ اس چاقو حملے کے واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔یہ حملہ سوموار کو چین کے مقامی وقت کے مطابق صبح 07:40 بجے پیش آیا۔اس حملے میں ملوث شخص کو 08:00 بجے گرفتار کر لیا گیا اور پولیس نے اسے ’دانستہ طور پر کیا جانے والا حملہ‘ قرار دیا ہے۔کنڈرگارٹن کے قریب کام کرنے والے ایک سٹور کے مالک نے بی بی سی کو بتایا کہ آس پاس کے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔اس حملے کی گونج چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر سنائی دے رہی ہے اور زیادہ تر لوگ افسوس اور صدمے کا اظہار کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ چین میں پرتشدد جرائم نسبتاً کم ہیں، لیکن ملک میں حالیہ برسوں میں چاقو سے حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ان حملوں کی زد میں بعض سکول بھی آئے ہیں۔گذشتہ سال اگست میں، ایک چاقو بردار حملہ آور نے جنوب مشرقی صوبے جیانگ شی میں ایک کنڈرگارٹن میں حملہ کیا تھا جس میں تین افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں