دسویں و بارہویں جماعت میں امتیازی حیثیت کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازات سے نوازا گیا
پونچھ/ندائے کشمیر/ماجد چوہدری
مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں ڈپٹی کمشنر پونچھ کی زیرِسرپرستی ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں حالیہ دنوں میں دسویں و بارہویں جماعت میں امتیازی حیثیت کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازات سے نوازا گیا اور انکی بہترین کارکردگی کے لیے انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ طاہر مصطفٰے ملک نے انکے والدین کو مبارکباد پیش کی جس پر والدین نے بھی انتظامیہ کی جانب سے اعزازی تقریب منعقد کر طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا۔تقریب کے بعد امتیازی حیثیت سے دسویں و بارہویں جماعت کے امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات نے بتایا کہ یہ انکی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے امتحانات میں امتیازی حیثیت حاصل کی تاہم انہوں نے اس کامیابی کی کنجی اپنے والدین و اساتذہ کو قرار دیا جنہوں نے انہیں اس قابل بنایا کہ وہ آج ان امتحانات میں امتیازی حیثیت کے ساتھ کامیاب ہوئے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے طلباء و طالبات کے والدین نے کہا کہ یہ انکے لئے فخر کی بات ہے کہ انہوں نے امتحانات میں امتیازی حیثیت سے کامیاب ہوکر انکا اور انکے شہر کا نام روشن کیا ۔اس تقریب میں کئی محکموں کے افسران و طلباء و طالبات کے والدین کے علاوہ معزز شہریوں نے بھی شرکت اختیار کی ۔