ناجائز تجاوزات و دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔
پونچھ/ندائے کشمیر/ماجد چوہدری /
پونچھ// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے شہرِ خاص کے بازار میں محکمہ میونسپلٹی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حنیف کی زیرِسرپرستی و سینیٹری انسپکٹر عبدالرحمان کی زیرِ نگرانی عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے انسداد تجاوزات مہم بڑے پیمانے پر چلائی گئی اور سڑک کو تنگ بنانے و دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حنیف نے بتایا کہ بازار میں سڑک تنگ ہونے کی شکایات عوام کی جانب سے موصول ہورہی تھیں جس کے پیشِ نظر آج ہم نے یہ انسداد تجاوزات مہم چلائی اور دوکانوں کے باہر غیر قانونی طریقے سے سامان لگا کر سڑک کو تنگ کر عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے دوکانداروں کے چالان کاٹے گئے ہیں اور سڑکوں پر غیر قانونی طریقے سے ریڑھیاں لگانے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر غیر قانونی طریقے سے استعمال کیے جارہے مومی لفافے بھی ضبط کیے اور ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کاٹے۔
انہوں نے دوکانداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دوکانوں کی حدود سے باہر سامان لگا کر راستے کو تنگ کرنے سے باز رہیں اور ریڑھی والوں سے بازار میں سڑک کو تنگ نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے دوکانداروں، ریڑھی والوں و عام عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ مومی لفافوں کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ شہر کو آلودہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کے لیے خطرناک ہیں۔

