108

مزید 9مریض کورونا سے از جان / مہلوکین کی مجموعی تعداد 231ہو گئی ہے

سرینگر17//جولائی// وادی کشمیر میں جمعہ کے روز مزید 9مریض کورونا سے از جان ہوئے۔ ابتک مرنے والوں کی تعداد 231ہو گئی ہے۔ادھر سرکاری ترجمان نے نو مریضوں کی موت واقع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لوگ سرکار کی جانب سے فراہم کی جانے والی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق وادی کشمیر میں جمعہ کے روز مزید 9مریض از جان ہوئے جن میں سے چار سرینگر ، دو پلوامہ ، ایک بڈگام ، ایک بانڈی پورہ ، ایک شوپیاں کا ساکن ہے اور اس طرح سے جموںوکشمیر میں ابتک اس وائرس سے 231مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج ہونے والی دو اموات سکمز صورہ میں ہوئیں جہاں پلوامہ کا ایک65سالہ شہری اور بڈگام کا55سالہ شہری انتقال کرگئے۔ اسی طرح 58سالہ ایک اور شہری سکمز بمنہ میں انتقال کرگیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مذکورہ تینوں شہری کئی امراض میں مبتلاء تھے جس کے دوران اْن کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے جو مثبت ظاہر ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ حیدر پورہ سے تعلق رکھنے والے شہری کو آٹھ جولائی کے روز سکمز بمنہ میں بھرتی کیا گیا جہاں پر اُس کے ٹیسٹ کرائے گئے اور اُس میں نمونیا کی تشخیص ہوئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلوک مریض کا بعد میں کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا اور جمعہ کے روز مذکورہ مریض دل کا دورہ پڑنے سے داعی اجل کو لبیک کہہ گیا۔ پاری گام پلوامہ سے تعلق رکھنے والا 65سالہ شخص بھی صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں دم توڑ گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز مذکورہ مریض میں نمونیا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مریض کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا تاہم جمعرات دیر رات اُس کی بھی اسپتال میں موت واقع ہوئی۔ ادھر سوئیہ بوگ بڈگام سے تعلق رکھنے والے 55سالہ شخص کی دیر رات کو موت واقع ہوئی جس کے بعد اُس کا ٹیسٹ بھی بعد از مرگ مثبت آیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مزید چھ مریض جن مٰں سے تین سرینگر ، ایک شوپیاں ، ایک پلوامہ اور ایک بانڈی پورہ سے تعلق رکھتا ہے بھی جمعہ کے روز کورونا کی وجہ سے از جان ہوئے۔ تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے مذکورہ سبھی مریض مختلف امراض کے شکار تھے۔ سرکاری ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز وادی کشمیر میں مزید 9مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے اور اس طرح سے مرنے والوں کی کل تعداد 231ہو گئی ہے۔ ترجمان نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کی جانے والی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں۔ لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سرکار کی جانب سے فراہم کی جانے والی جانکاری پر ہی بھروسہ کریں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نہ افواہیں پھیلائیں اور نہ اُن پر کان دھریں۔یو پی آئی //

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں