دو مقامی جنگجو جاں بحق ، اسلحہ و گولہ بارود بھی ضبط / وجے کمار
سرینگر / 04مئی /
شمالی قصبہ پٹن کے وانیگام کریری علاقے میں تلاشی آپریشن کے بعد فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی میں دو مقامی لشکر جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے تلاشی آپریشن چلایا گیاجو جھڑپ میں تبدیل ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے دونوں ملی ٹنٹ شوپیان ضلع سے تعلق رکھتے تھے اور حالیہ میں وہ عسکری صفوں میں شامل ہوئے تھے ۔ سی این آئی کے مطابق وانی گام کریری پٹن میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے جمعرات کی اعلیٰ الصبح علاقے کا محاصرہ کرکے وہاں تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کے بعدایک رہائشی مکان میں موجود جنگجوئوںاور سیکورٹی فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا جس کے ساتھ ہی جھڑپ شروع ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ واقعہ کے ساتھ ہی پورے علاقے کا محاصرہ وسیع کرکے سیکورٹی کی مزید کمک طلب کر لی گئی جنہوں نے تمام راستوں کو سیل کرکے جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کو بند کر دیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک جنگجو جاں بحق ہو گیا ۔ جس کے بعد دوسرے عسکریت پسند کے خلاف سیکورٹی فورسز نے مورچہ زن ہوکر کارروائی کی اور کچھ وقت بعد دوسرا جنگجو بھی جاں بحق ہو گیا جس کے بعد دونوں کی نعشیں جھڑپ کے مقام سے بر آمد کر لی گئی ۔ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کی شناخت شاکر ماجد نجار اور حنان احمد سہہ ساکنان شوپیان کے بطور ہوئی ہے ۔ دونوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھے اور انہوں نے ایک ماہ قبل ہی عسکری صفوں میں شمولیت کی تھی ۔ جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے بتایا کہ کریری کے وانی گام علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشتر کہ طو رپر تلاشی آپریشن چلایا جو جھڑپ میں تبدیل ہو گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے جو ضلع شوپیان کے رہائشی تھے اور دونوں عسکری تنظیم لشکر سے وابستہ تھے ۔ اے ڈی جی پی کا کہنا تھا کہ مارے گئے ملی ٹنٹوںسے ایک اے کے 47رائفل اور پستول بر آمد کر لیا گیا ہے ۔

