93

ڈاکٹر سامون نے یوگا آسن مقابلہ کے فاتحین میں انعامات تقسیم کئے

جموں/ تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ محکموں کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے سول سیکرٹریٹ میں یوگا آسن مقابلہ 2020 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلاب میں موبائیل ٹیبلٹ تقسیم کئے ۔ناظمِ تعلیم کشمیر بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ جبکہ ڈی ایس ای جے اور مشن ڈائریکٹر سماگرہ سکھشا نے پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر سامون نے کہا کہ ایک صحت مند زندگی اور چست درست رہنے کیلئے یوگا ایک اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوگا ذہنی سکون اور زندگی میں توازن کے حصول کیلئے کافی اہم ہے ۔ ڈاکٹر سامون نے اس موقعہ پر طلاب کو اس نوعیت کے مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے کہا تا کہ وہ ایک صحت مند زندگی جی سکیں ۔ واضح رہے یوگا آسن دن امسال 21 جون کو پورے جموں کشمیر میں منایا گیا تھا اور ساتھ ہی تعلیم ، اعلیٰ تعلیم ، امور نوجوان و کھیل کود اور سکل ڈیولپمنٹ محکموں نے مشترکہ طور 14 جون سے یوگا ہفتہ کا انعقاد بھی کیا تھا ۔ جس کے تحت جموں کشمیر میں ضلع سطح پر آن لائین مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں