پنچایت درہ بگیال کے کلساں میں محکمہ صحت کے سب سینٹر میں ملازمین کی عدم دستیابی سے عوام پریشان 131

پنچایت درہ بگیال کے کلساں میں محکمہ صحت کے سب سینٹر میں ملازمین کی عدم دستیابی سے عوام پریشان

2014 سے تا حال صرف سب سینٹر کا بورڈ نصب، عوام نے ڈپٹی کمشنر سے مداخلت کا کیا مطالبہ۔

06 فروری 2023

ندائے کشمیر/ماجد چوہدری

پونچھ// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کی عین سرحد سے لگی پنچایت درہ بگیال کے بالائی علاقہ کلساں کی عوام نے محکمہ صحت کے سب سینٹر میں ملازمین کے نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سب سینٹر کے سامنے پر امن طریقے سے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا۔

وہاں کے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ 2014 میں یہاں سب سینٹر کا بورڈ محکمہ صحت کی جانب سے نصب کیا گیا تھا لیکن آج تک اس میں کوئی ملازم نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ میں تو کوئی نہ کوئی ملازم تو یہاں تعینات ہوگا لیکن زمینی حقائق اس سے الگ ہیں، یہاں پر کوئی نہیں آتا ۔

انہوں کہا کہ عین سرحد سے لگی پنچایت ہونے کی وجہ سے جب یہاں گولہ باری ہوتی تھی تو وہ مریض کو ضلع اہسپتال پونچھ میں علاج و معالجہ کے لیے اٹھا کر لے جاتے تھے جبکہ کئی زخمی لوگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بستے تھے کیونکہ وہاں سے سڑک تک پہنچنا بھی وہاں کی عوام کے لیے ایک چیلنج تھا اور سب سینٹر قریب ہونے کے باوجود انکے کسی کام نہ آ پاتا تھا کیونکہ یہاں پر ملازمین ہی نہیں ہوتے تھے اور 2014 سے تا حال تک گوہار لگانے کے باوجود محکمہ صحت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔

عوام نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ اس معاملے میں ذاتی مداخلت کر اس سب سینٹر کو فنگشنل بنوائیں تاکہ اگر کوئی حادثہ اس دور دراز علاقے میں پیش آئے تو کم از کم اہسپتال پہنچنے تک اسکا علاج و معالجہ یہیں پر ہو پائے جس سے قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں