محکمہ جل شکتی ٹس سے مس نہیں، ڈپٹی کمشنر سے پانی کی سپلائی کی بحالی کا عوام نے کیا مطالبہ۔
۳۱ جنوری ۲۰۲۳
ماجد چوہدری
پونچھ// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے شہری و دیہی علاقوں میں حالیہ دنوں میں شدت سے سردی میں کئی دن سے پانی کی سپلائی معطل ہے۔
اس سے قبل گاؤں کرماڑہ کی عوام نے بھی اخبار کے ذریعے اپنی آواز محکمہ جل شکتی کے ایگزیکیٹو انجینئر و دیگر ملازمین تک باقی ذریعوں سے پہنچائی لیکن محکمہ جل شکتی ہے کہ ٹس سے مس نہیں۔
اب شہرِ خاص کے وارڈ نمبر 12 و وارڈ نمبر 1 کے کئی علاقوں سے پانی کی سپلائی معطل ہونے کی خبریں موصول ہورہی ہیں اور صرف ایک دن سے نہیں بلکہ چار پانچ دن سے اور کرماڑہ پنچایت میں دس دن سے زائد ہوچکے لیکن آسمان سے رب نے تو زمین کو سیراب کردیا لیکن عوام کے خلق پینے کے پانی کی قلت سے سوکھ چکے ہیں۔
ہر سال عوام سے وقت پر کرایہ وصولنے کے نئے نئے طریقے تلاش کیے جاتے ہیں اور شہری علاقوں میں تو ہر سال کرایہ میں بڑھوتری بھی ہوتی جارہی ہے لیکن بدقسمتی سے عوام کو کئی کئی ماہ تک پانی کی بوند بوند کے لیے ترسنا پڑتا ہے۔
2024 تک ہر گھر نل سے جل اسکیم کے تحت عوام کو پینے کا پانی مہیا کروانے کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن جہاں پانی مہیا ہے وہاں سپلائی ہی نہیں، جل شکتی کے ملازمین عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوئے ہیں۔
دیہی و شہری علاقوں کی عوام نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ انکا مطالبہ حل کروائیں کیونکہ محکمہ جل شکتی بہرہ ہو چکا ہے اور آپ ہی اس مسئلہ کو حل کروائیں ، شہری و دیہی علاقوں میں پانی کی سپلائی کو اس شدت کی سردی میں یقینی بنوائیں تاکہ عوام راحت کی سانس لے پائے ۔
