عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ملائے جانے پر فخر ہے/ ماریہ خان 92

عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ملائے جانے پر فخر ہے/ ماریہ خان

پاکستان /24 جنوری :پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں فری کک پر میرے گول کو فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ ملائے جانے پر فخر ہے۔ماریہ خان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، ساتھی کھلاڑیوں اور اسٹاف نے وہاں کھیل کر تجربہ حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے کھیل کی تعریفیں ہوئیں، سب سے مثبت بات یہ ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کو توجہ ملی، امید ہے کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی توجہ ہمیں ملے گی۔ماریہ خان نے کہا کہ جب فری کک ملی تو میرے ذہن میں تھا کہ بس ٹارگٹ پر کک مارنی ہے، میں نے دیکھا کہ گول کیپر نے اسٹارٹ لینا شروع کردیا، جب گول ہوگیا تو اس کو سراہا گیا۔پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی کپتان نے کہا کہ کوشش ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کے لیے ایسے گول کر سکوں۔ماریہ خان نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری فیملی نے اسپورٹس میں حصہ ڈالا ہے اور اب میں اسکواش سے ہٹ کر فٹبال میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ماریہ خان نے بتایا کہ میں دبئی میں رہائش پذیر ہوں اور کام کے ساتھ فٹ بال بھی کھیلتی ہوں۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں کھیلے گئے چار قومی خواتین فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ماریہ خان نے بہت ہی شاندار گول کر کے سعودی عرب کے خلاف میچ ڈرا کرا دیا تھا۔ماریہ خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا جبکہ پاکستان نے اس ایونٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ ماریہ خان اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن ہاشم خان کی نواسی ہیں جنہوں نے 7 بار برٹش اوپن کا اعزاز حاصل کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں