92

اننت ناگ میں تصادم/حزب کمانڈر، لشکرکے2 جنگجوجاں بحق

سرینگر، ؍29،جون؍جنوبی کشمیر کے کھل چہر رینی پورہ اننت ناگ نامی گائوں میںفورسز اور جنگجو کے درمیان ایک تصادم آرئی میں حزب المجاہدین کمانڈراور2لشکرجنگجو جاں بحق ہوئے۔اس دوران انتظامیہ نے علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی موبائیل انٹرنیٹ سروس کو معطل کیا۔پولیس نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوئوں میںخطہ چناب کے دوڈہ سے تعلق رکھنے والا ایک عسکری کمانڈرمسعود احمد بٹ بھی شامل ہے ،جس کی ہلاکت کے ساتھ ہی پولیس کے مطابق ترال کے بعد ڈوڈہ میں بھی ملی ٹنسی ختم ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہوگئی ہے۔ ان میں مختلف جنگجو تنظیموں کے 6 آپریشنل کمانڈرس بھی شامل ہیں۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل کے مضافاتی گائوں کھل چہر رینی پورہ نامی گائوں میں فوج کے19آر، آر سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے علاقے میں جنگجوئوں کی موجود گی کے حوالے سے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد علاقے کواتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو سخت محاصرے میں لے لیا۔نمائندے میر ارشد نے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے بتایاکہ اس دوران جب فورسز کی پارٹی علاقے کے ایک میوہ باغ میں داخل ہوئی، تویہاں موجود جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں،جس دوران فورسز اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا ۔طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں3جنگجو جاں بحق ہوئے جن میں ایک عسکری کمانڈر بھی شامل ہے ،جسکی شناخت ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے مسعود احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے جبکہ2دیگر جنگجوئوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔کشمیر پولیس نے صبح 5 بجے کے قریب جھڑپ سے متعلق پہلا ٹویٹ کیا جبکہ ساڑھے پانچ کے آس پاس دوسرا ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جھڑپ میںتین جنگجو مارے گئے ،جن کی شناخت کی جا رہی ہے ۔ پولیس نے بعد میں صبح سویرے جائے واردات سے 3جنگجوئوں کی نعشوں کو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔ جائے واردات سے ایک رائفل اور پستول برآمدکیا گیا ۔پولیس نے اگر چہ مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، تاہم پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے مسعود احمد بٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف حزب کمانڈر اب کشمیر میں ہی سرگرم تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسعود کی ہلاکت کے ساتھ ہی ضلع ڈوڈہ ایک بار پھر ملی ٹنٹوںسے صاف ہوا ہے۔ موصوف پولیس سربراہ کا دعویٰ ہے کہ مہلوک ایک کیس میں ملوث تھا اور تب سے مفرور تھا اور بعد میں اس نے حزب المجاہدین کے صف میں شمولیت اختیار کی تھی۔مقامی لوگوں نے بتایادیگر دو جاں بحق جنگجومقامی ہیں اور ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھتے ہیں ،جن کی شناخت طارق خان ساکنہ لالچوک اننت ناگ اور ندیم ساکنہ کولگام کے بطور کی گئی ہے،تاہم پولیس بیان میں ان کا ذکر نہیں کیا گیا اور کہا گیا کہ دیگر دو کی شناخت نہیں ہوسکی۔سری نگر میں قائم فوج کی 15ویںکور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور دو پستول برآمد کئے گئے ہیں۔ خیال رہے وادی خاص کر جنوبی کشمیر میں جنگجو مخالف کارروائیاں بڑے پیمانے پر جاری ہیں جس دوران گزشتہ دنوں ترال میں3حزب جنگجو جاں بحق ہوئے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید تین جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہوگئی ہے۔ ان میں مختلف جنگجو تنظیموں کے 6 آپریشنل کمانڈرس بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں