جموں وکشمیر کے مفادات کو حاصل کرنے کیلئے متحدہونا ہوگا/غلام احمدمیر 97

جموںوکشمیر کے حوالے سے اپنائی جارہی پالیسیاں لوگوں کے توقعات کے برعکس ہیں /کانگریس صدر غلام احمد میر

سرینگر24//جون//جموںوکشمیر کانگریس کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سرینگر میں منعقد ہوئی جس دوران لیڈران نے مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک حکومت پنچایتوں اور اربن لوکل باڈیز اداروں کو مضبوط بنانے میں ناکام ثابت ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر انتظامیہ 74آئینی ترمیم کے حوالے سے صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر انتظامیہ حساس معاملات میں ٹانگ اڑا کر آئے روز نئے نئے احکامات جاری کر رہی ہیں جو لوگوں کی توقعات کے برعکس ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق 370کی منسوخی کے بعد پہلی دفعہ سرینگر کے کانگریس دفتر میں پارٹی لیڈران کی میٹنگ صدر غلام احمد میر کی سربراہی میں منعقد ہوئی جس دوران جموںوکشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر جی اے میر نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت اور جموںوکشمیر انتظامیہ لوگوں کے توقعات پر کھرا اُترنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو گئی ہے۔ ا نہوںنے کہاکہ پنچایتی اداروں کو مضبوط بنانے کی غرض سے کانگریس نے 74ترمیم کا مطالبہ کیا جس کا سبھی نے خیر مقدم کیا تاہم ابھی تک اس کو لاگو نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ایک طرف جموںوکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے کے نعرے لگا رہی ہے تاہم زمینی سطح پر تعمیر وترقی کا فقدان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے پاپڑ بیلنے پڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم جموںوکشمیر انتظامیہ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں لیت ولعل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ میٹنگ کے دوران جی اے میر نے بتایا کہ جموںوکشمیر کے نازک معاملات کے حوالے سے انتظامیہ فیصلے لے رہی ہیں جو کسی بھی صورت میں ہمیں قبول نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئے روز جموںوکشمیر انتظامیہ کی جانب سے آرڈرز نکالے جارہے ہیں جس وجہ سے لوگ حکومت سے بدل ہو گئے ہیں اور وہ مایوس ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سیول سیکریٹریٹ کے دفاتر سرینگر منتقل کرنے کے حوالے سے بھی حکومت تذبذب کی شکار ہے جس وجہ سے لوگوں کے مسائل حل ہی نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دربار موکی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر کی لیڈر شپ کے بغیر دربار موکے حوالے سے فیصلہ لیا گیا جو کسی بھی صورت میں لوگوں کو قبول نہیں ہے۔ جے کے پی سی سی چیف نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جموںوکشمیر میں ٹورازم سیکٹر ، تاجروں اور ٹرانسپورٹ سے جڑے افراد کو فوری طورپر پیکیج فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اُن کے نقصان کی بھر پائی ہو سکے۔ غلام احمد میر کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے غلط پالیسیوں کے نتیجے میں جموںوکشمیر کے لوگ اس وقت سفر کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کے ساتھ ہر سطح پر نا انصافی ہور ہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جو بھی پالیسیاں جموںوکشمیر کے حوالے سے اپنائی جارہی ہیں وہ لوگوں کی توقعات کے برعکس ہے۔ یو پی آئی /

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں